پنجاب میں تیل اور گھی تو سستا نہیں ہوا لیکن سپلائی کم ہو گئی

جمعہ 13 مارچ 2015 18:58

پنجاب میں تیل اور گھی تو سستا نہیں ہوا لیکن سپلائی کم ہو گئی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) پنجاب حکومت کی جانب سے گھی اور تیل کی قیمت میں کمی کے فیصلے پر تو عمل نہ ہو سکا لیکن سپلائی کم ہونی شروع ہو گئی ۔ ملتان میں بھی قیمت کم ہونے پر ملز مالکان نے سپلائی محدود کر دی ہے۔ کھانا پکانے کے لئے گھی اور خوردنی تیل بنیادی جزو کی حیثیت رکھتے ہیں۔ عوام کو سستا گھی اور تیل کی فراہمی کے لئے پنجاب حکومت نے قیمت میں ریکارڈ 15 روپے فی کلو کمی کا اعلان کیا لیکن عوام تک ابھی یہ ریلیف نہیں پہنچ رہا۔

حکومتی فیصلے پر گھی فیکٹری مالکان کی جانب سے کھلے دل کے ساتھ عمل نہ کرنے کا تاثر موجود ہے اور اسی بنا پر ہول سیل مارکیٹ میں گھی کی دستیابی کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق دو روز سے گھی کی فراہمی جس طرح متاثر ہو رہی ہے اس سے خدشہ ہے کہ اگر حکومت نے گھی فیکٹری مالکان کو فوری اعتماد میں نہ لیا تو سستے پٹرول کے بعد سستے گھی کا بحران بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر ملتان میں گھی اور تیل کی قیمت کم ہوتے پر ملز مالکان نے سپلائی محدود کر دی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت سستے تیل اور گھی کی تلاش میں خوار ہو رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کیمطابق گھی اور تیل کے مصنوعی بحران پر قابو پانے کے لیے ٹمیں تشکیل دے دی ہیں جن کی معاونت سے دکانداروں کیخلاف جرمانے اور قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :