پنجاب یونیورسٹی ،118ویں اتھلیٹکس میٹ اختتام پذیرپنجاب یونیورسٹی ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ نے ٹیم ٹرافی جیت لی

جمعہ 13 مارچ 2015 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13مارچ۔2015ء) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام دو روزہ 118ویں سالانہ اتھلیٹکس میٹ 2015ء کی اختتامی تقریب پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی ۔ مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی ٹیچنگ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم نے 189پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ٹیم ٹرافی جیت لی جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فرحان حیدر نے 41پوائنٹس کے ساتھ بہترین اتھلیٹ ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد احسان ملک ،قائم مقام ڈائریکٹر سپورٹس شمسہ ہاشمی ، چیئر مین ہال کونسل ڈاکٹر محمد اختر،فرحت حسین صدیقی ،پنجاب یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز کے آفیشلز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر احسان نے کہا کہ کھیل ہماری زندگی کا اہم حصہ اور کھیلوں میں خوراک کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ محنتی انسان زندگی میں کبھی ناکام نہیں ہوتا۔ انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خود کو فٹ رکھیں تاکہ پاکستان کی ترقی کے لئے کام کر سکیں۔ شمسہ ہاشمی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی موجودہ انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی خصوصی دلچسپی کے باعث یونیورسٹی میں کھیلوں کا معیار بلند ہو رہا ہے اور ہمارے طلبہ پرانے ریکارڈز توڑ رہے ہیں۔

دو روزہ 118ویں سالانہ اتھلیٹکس میٹ 2015ء میں ریس، ڈسکس تھرو، ہیمر تھرو، لانگ جمپ وغیر ہ کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں اخوان سائنس کالج برکی نے دوسری جبکہ گورنمنٹ کالج جھنگ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازا ں کامیابی پانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :