نرسنگ کالج میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ آج یو ایچ ایس میں ہوگا،

20نشستوں کیلئے 382 نرسیں مد مقابل، ڈگری پروگرام کی مدت 2سال ہوگی

جمعہ 13 مارچ 2015 19:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء) پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ پنجاب میں پوسٹ آر این ڈگری پروگرام (بی ایس سی نرسنگ) میں داخلے کی 20 نشستوں کیلئے 382نرسیں قسمت آزمائی کریں گی۔داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ آج بروز ( ہفتہ)صبح 10بجے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

اس بارے میں کالج کی پرنسپل کوثر پروین نے بتایا کہ بی ایس سی نرسنگ کورس کی مدت دو سال ہوگی اور انٹری ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر اس پروگرام میں داخلہ ملے گا۔

کوثر پروین نے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف کی ہدایت پر مذکورہ بالا شروع کیے جانے والے کورس کے نتیجے میں نرسوں کو اپنے شعبے میں اعلی تعلیم حاصل کرنے اور اپنے علم کو اپ ڈیٹ کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی ایس سی کرنے والی نرسیں اپنے علم و تجربے و مہارت کی وجہ سے بیماریوں کے خلاف جدوجہد میں اپنا کردار بہتر طریقے سے انجام دے سکیں گی اور نت نئے امراض اور وباوٴں کا مقابلہ کرنے میں اپنا کلیدی کردار نبھائیں گی۔