تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، تفریحی مقامات پر معذور افراد کیلئے وہیل چیئرریمپ و فٹ پاتھ تعمیرکرکئے جائینگے‘ہارون سلطان بخاری،

عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم،بسوں اور ویگنوں میں بھی معذور افرادکیلئے سیٹیں مختص کرنے کی ہدایت

جمعہ 13 مارچ 2015 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید ہارون احمد سلطان بخاری نے معذور افرادبارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں ، پارکوں اور تفریحی مقامات پر معذور افراد کیلئے وہیل چیئرریمپ اور پیدل چلنے کیلئے علیٰحدہ فٹ پاتھ بنانے کیلئے پابند کیا جا رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ میں معذور افرادکیلئے سیٹیں بھی مختص کی جائیں گی۔

حکومتی ہدایات پر عملدرآمد نہ کنے والوں کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی ، سیکرٹریز سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن، صحت، تعلیم کے علاوہ معذوروں کی سماجی تنظیمیں اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر معذور افراد کیلئے مستقبل کی اہم پالیسی تیار کی جائے تاکہ معذور افراد بھی معاشرے کا اہم رکن ثابت ہوں اور سرکاری و نجی سطح پر اپنی قابلیت سے مستفید کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کوبھی اس کی آگاہی دی جائے گی کہ وہ وراثتی بیماریوں کے خاتمہ کیلئے کزن میرج کو فوقیت نہ دیں۔ خواتین بھی اگر ابتدائی سطح پر بچہ کی پیدائش سے قبل اپنے ڈاکٹر کی ہدایات اور دیگر پیچیدہ بیماریوں کے خاتمہ کیلئے رابطہ میں رہیں تو کوئی بعید نہیں کہ معاشرے میں صحت مند بچوں کا اضافہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت معذور افراد کی سطح پر فوقیت دیئے ہوئے ہیں اور سرکاری نوکریوں میں ان کا کوٹہ مختص کر دیا گیاہے جس پر عملدرآمد شروع کردیاگیا ہے۔ انہوں نے اجلاس میں شامل تمام افراد کو پابند کیا کہ وہ باہمی مشاورت سے معذور افراد کیلئے پالیسی ڈرافٹ فوری تیار کریں۔