بیساکھی تہوار کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانا ہمارا مذہبی فریضہ ہے ‘صدیق الفاروق ،

گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کی بارہ دری میں شیشے لگانے اور سٹیج کے اوپر مستقل شیڈ بنانے کی ہدایات جاری کیں‘چےئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ

جمعہ 13 مارچ 2015 19:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13مارچ۔2015ء)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاروق نے بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ و ہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے بھارت کی سر زمین پر سکھوں کے متفقہ نانک شاہی کیلنڈر کو متنازع بنانے کی ہر سازش کو ناکام بنائے ۔ یہ باتیں انہوں نے پردھان سردار شام سنگھ کی صدارت میں ہونے والے پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں ۔

اجلاس میں بیساکھی کے تہوار پر بھارت سمیت دنیا بھر سے آنیوالے یاتریوں کے استقبا ل اور انکے قیام،طعام سمیت کئی امور پر فیصلے کیے گئے۔صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ بیساکھی تہوار کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانا ہمارا مذہبی فریضہ ہے اور اس سلسلہ میں گوردواروں کو تزین و آرائش سمیت دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کی بارہ دری میں شیشے لگانے اور سٹیج کے اوپر مستقل شیڈ بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

اسکے علاوہ گوردوارہ ڈیرھ صاحب لاہور، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں بندھک کمیٹی کیلئے دفاتر قائم کرنے اور عملہ رکھنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ کمیٹی کے پردھان سردار شام سنگھ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بورڈ صد یق الفاروق کے سکھ قوم کی فلاح و بہبود اور ہمارے گوردواروں کی خوبصورتی اور تعمیر و ترقی کیلئے کیے جانیوالے اقدامات قابل تعریف ہیں جبکہ دوسری طرف بھارت میں ہمارے نانک شاہی کیلنڈر میں جو تبدیلیاں کی گئی ہیں وہ ہمیں قابل قبول نہیں، کیونکہ یہ کیلنڈر 2003میں دربار صاحب اکال تخت آمرت سر انڈیا میں دنیا بھر کے سکھوں کے نمائندوں نے متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔

اجلاس میں سردار صاحب سنگھ، سردار رمیش سنگھ آروڑا،سردار بشن سنگھ، سردار گوپال سنگھ،سردار میندر سنگھ، سیکرٹری بورڈ خالد علی، ڈپٹی سیکرٹری اظہر سلہری، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس ،ایکسین محمد عارف بٹ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔