سنی مجلس عمل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس رسالت منایا گیا، مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں،

علماء نے جمعہ کے اجتماعات میں تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطابات کئے

جمعہ 13 مارچ 2015 19:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13مارچ۔2015ء)سنی مجلس عمل کی اپیل پر ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منایا گیا۔ علماء نے جمعہ کے اجتماعات میں تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطابات کئے اور مذمتی قرار دادیں منظور کیں۔ سنی مجلس عمل کے چیئرمین پیر محمد افضل قادری، علامہ خادم حسین رضوی، خواجہ الطاف محی الدین، ثروت اعجاز قادری، پیر سید مصطفی رضوی، علامہ سید علی ذوالقرنین، مولانا ضیاء اللہ رضوی، صاحبزادہ سید وسیم الحسن نقوی، مفتی محمد ثناء اللہ سیالوی، علامہ نصر اللہ قادری اور دیگر نے مختلف مقامات پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مسلم ممالک کے حکمران غیرت ایمانی کا ثبوت دیں اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت روکنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں آئے روز توہین رسالت کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ گستاخانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہرگز یہاں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم اپنی جانیں قربان کرکے ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تحفظ کریں گے۔ علماء نے کہا کہ حکومت دفعہ 302 کے قانون میں ترمیم کرے اور جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت عمر فاروق اعظم اور دیگر صحابہ  کو گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قتل کرنے پر قصاص ودیت کے قانون سے استثنیٰ دی تھی ملکی قانون میں بھی اسی طرح استثنیٰ دی جائے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ توہین رسالت ایکٹ 295-C کو موثر بنایا جائے اور جیلوں میں بند تمام گستاخانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فوری طور پر پھانسیاں دی جائیں۔ مرکزی دفترمیں آمدہ اطلاعات کے مطابق گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، راولپنڈی، کھاریاں، گوجر خان، آزاد کشمیر، ملتان، لیہ، ڈی جی خان، فیصل آباد، شیخوپورہ، ہری پور ہزارہ کراچی میں بھی علماء نے جمعہ کے اجتماعات میں ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خطابات کئے اور مذمتی قرارداتیں منظور کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے فیصلے میں عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم غازی ممتاز حسین قادری کے کیس سے دہشت گردی کی دفعات کو ختم کر دیا ہے حکومت بھی پاکستانی مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ملک ممتاز حسین قادری کو فوراً رہا کرے۔