سنی اتحاد کونسل پاکستان کا بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لینے کا اعلان،

حکمران جماعت کو اہلسنّت دشمنی کا خمیازہ بلدیاتی الیکشن میں بھگتنا پڑے گا‘صاحبزادہ حامدر ضا

جمعہ 13 مارچ 2015 19:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی،حکمران جماعت کو اہلسنّت دشمنی کا خمیازہ بلدیاتی الیکشن میں بگھتنا پڑے گا،سیاسی جماعتوں کے دفاتر مجرموں کی پناہ گاہ نہیں بننے چاہئیں،کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے،سیکیورٹی ادارے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے قر بانیاں دے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار لاہور میں مختلف علماء و مشائخ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو ٹارگٹ کلرز ،بھتہ خوروں اور اسلحہ مافیا سے پاک کیا جائے ۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کا منصوبہ عوام دشمنی ہے۔حکومت غیر ملکی قر ضوں کا بوجھ عوام پر نہ ڈالے۔

(جاری ہے)

اشرافیہ کی جمہوریت جعلی جمہوریت ہے۔حقیقی جمہوریت آئے گی تو عوامی مسائل حل ہوں گے۔

سیاسی جماعتیں مجرموں ،قاتلوں اور قانون شکنجوں کو اپنی جماعت سے خارج کریں۔الطاف حسین کو اپن جماعت سے مشکوک افراد کو نکال دینا چاہیے ۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ہر امن دشمن کو پکڑ کر عبرت کا نشان بنایا جائے اور ملک بھر میں ہرطرح کے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے۔قیام امن کیلئے ملک کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنا ضروری ہے۔عوام خوشحال پاکستان کا خواب پورا ہونے کے برسوں سے منتظر ہیں۔سنی اتحاد کونسل نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریا ں شروع کردی ہیں۔پنجاب حکومت شکست کے خوف کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن کروانے سے گریزاں ہے۔