قطر کیساتھ ایل این جی کی درآمد کامعاہدہ طے پاگیاہے:شاہد خاقان

ایل این جی کی پہلی کھیپ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔صحافیوں سے گفتگو، وزارت پٹرولیم اور کویت کی کمپنی کے درمیان ملک میں تیل کی تلاش کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط

جمعہ 13 مارچ 2015 22:03

قطر کیساتھ ایل این جی کی درآمد کامعاہدہ طے پاگیاہے:شاہد خاقان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء ) پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ ایل این جی کی درآمد کا معاہدہ طے پاگیا ہے ،اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی درآمدی قیمت منظوری کے لئے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی پہلی کھیپ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل این جی سے بجلی کی پیداوار میں ڈیزل کے مقابلے میں چالیس فیصد تک کم لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایل این جی بجلی کی پیداوار کے لئے پنجاب کے چار بجلی گھروں اور کیپکو کو فراہم کی جائے گی۔اس سے پہلے وزارت پٹرولیم اور کویت کی کمپنی نے ملک میں تیل کی تلاش کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت کویت کی کمپنی پاکستان میں پچانوے لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔مفاہمت کی یادداشت سے ملک میں تیل کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی جو اس وقت ایک لاکھ بیر ل یومیہ ہے۔

متعلقہ عنوان :