بیورو کریسی حکومت کو مس گائیڈ کرکے عوام اور حکومت کے ساتھ ساتھ مینوفیکچررز کیخلاف سازش کر رہی ہے

حکومت نے ریاستی طاقت استعمال کی تو ملیں بند ہوجائیں گی اور گھی و کوکنگ آئل کا بھی پٹرول کی طرح بحران پیدا ہو جائے گا جسکی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاطف اکرام ودیگر عہدیداران کی پریس کانفرنس

ہفتہ 14 مارچ 2015 14:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء ) بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل بنانے والی کمپنیوں نے گھی اور آئل کی قیمتوں میں حکومتی اعلان کے مطابق مزید قیمتیں کم کرنا ناقابلِ عمل اور ناممکن قراردیدیا ہے اور واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے ریاستی طاقت استعمال کی تو ملیں بند ہوجائیں گی اور گھی و کوکنگ آئل کا بھی پٹرول کی طرح بحران پیدا ہو جائے گا جسکی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی ۔

لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس میں بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاطف اکرام ، وحید چودھری ، انعام باری اور دیگر عہدیداروں نے بتایا کہ جولائی 2014سے فروری تک عالمی منڈی میں آئل کی قیمتوں میں کمی ہونے پر اب تک بتدریج اٹھارہ روپے فی کلو گرام کی گئی ہے جس میں مزید کمی ممکن نہیں تاہم اگر آئل کی قیمتیں عاملی منڈی میں مزید گریں تو وہ اس کے تناسب سے معمول کے مطابق از خود ہی کمی کریں گے لیکن حکومت جس انداز سے کریک ڈاؤن کر رہی ہے وہ درست نہیں اس سے ملیں چلانا مشکل ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا حکومت جس انداز سے طاقت استعمال کررہی ہے اس سے کاروبار بند ہوجائے گا اورگھی و آئل کی مزید قلت ہوجائے جبکہ حکومت نے پہلے ہی قطاریں لگانا شروع کرادی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں چند روز کی سپلائی باقی رہ گئی ہے ۔ جہاں تک حکومت کا یہ کہنا ہے کہ وہ خود کنٹرول سنبھال کر یونٹ چلا لے گی تو یہ بھی چند دن ہی ممکن ہوگا اور جب خام مال ختم ہو جائے گا تو یہ یونٹ خود بخود بند ہو جائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی حکومت کو مس گائیڈ کرکے عوام اور حکومت کے ساتھ ساتھ مینوفیکچررز کیخلاف سازش کر رہی ہے ۔ اگر کشیدگی بڑھی اور گھی و آئل کی فراہمی جاری رہنا ممکن نہ ہوسکا تو اس کی ذمہ دار بھی حکومت ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :