پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے لاہور سمیت 3 اضلاع میں انٹرایکٹیو کلاس روم ٹیکنالوجی متعارف کرا دی

ہفتہ 14 مارچ 2015 15:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے لاہور ، ملتان اور چکوال کے 24 منتخب پارٹنرسکولوں میں انٹرایکٹیوکلاس روم ٹیکنالوجی کے ذریعے ورلڈ کلاس ایجوکیشن کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں چھٹی ، ساتویں اور آٹھویں کلاس کے سائنس ، ریاضی اور انگریزی کے مضامین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے پڑھائے جا رہے ہیں ، اس مقصد کے لئے ان سکولوں کے 406 اساتذہ کو انٹرایکٹیوٹیکنالوجی آپریٹ کرنے کی تربیت دی گئی ہے ۔

یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالاسلام راجہ نے انٹرایکٹیو کلاس روم ٹیکنالوجی کے منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔پیف ہیڈ آفس میں منعقدہ اجلاس میں ایم ڈی ڈاکٹر انیلہ سلمان ، ڈائریکٹر بشری سعید خان، پارٹنر سکولوں کے اساتذہ ودیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین قمر الاسلام نے کہا کہ کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے تعلیمی استعمال سے پارٹنر سکولوں کا معیار بڑھانے میں مدد ملی ہے ۔

اس طرح طالب علم کمپیوٹر کے ذریعے جدید تعلیمی تبدیلیوں سے با خبر رہتے ہیں جس سے ان میں حصول علم کا شوق بڑھتا ہے اور تعلیمی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ پیف کے تعلیمی وژن کا عکاس ہے جس کا مقصد پارٹنر سکولوں میں چائلڈ فرینڈلی سکولنگ کو رواج دینے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے لئے کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیف کی تعلیمی اصلاحات کے نتیجے میں 16 لاکھ طالب علم کوالٹی ایجوکیشن حاصل کر رہے ہیں ، یہ نئے تعلیمی انقلاب کی ابتدا ہے جس سے اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق نالج اکانومی کو پروان چڑھانے میں مدد ملے گی۔اجلاس سے ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ انٹرایکٹیو کلاس روم ٹیکنالوجی پراجیکٹ کے مفید نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر پارٹنر سکولوں کے اساتذہ نے تعلیمی ٹیکنالوجی کے ذریعے لیکچر کے عمل کو مفید قرار دیا اور کہا کہ اس طرح طالب علم حصول علم میں زیادہ حصہ لیتے ہیں جس سے ان کا ذہنی افق وسیع ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :