ایل ڈی اے نجی شعبے کے اشتراک سے شاہدرہ سے رچنا ٹاؤن تک چھے کلو میٹر طویل ایکسپریس وے تعمیر کرے گا

ہفتہ 14 مارچ 2015 17:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نجی شعبے کے اشتراک سے شاہدرہ سے رچنا ٹاؤن کا لاشاہ کاکو تک جی ٹی روڈ پر چھ کلومیٹر طویل ایکسپریس وے تعمیر کرے گی ۔ یہ سڑک راوی ٹال پلازہ سے شروع ہوکر امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ کے بعد رچنا ٹاؤن پر ختم ہوگی۔ یہ دورویہ ایکسپریس وے دونوں اطراف سے ٹریفک کے لئے تین تین لین پر مشتمل ہو گی جن کے درمیان میٹر و بس کے لئے دو لین پر مشتمل خصوصی راستہ بھی تعمیر کیاجائے گا ۔

سڑک کے دونوں طرف دو دو لین کی سروس روڈ بھی تعمیر کی جائے گی منصوبے کے تحت دو فلائی اوورشاہدرہ موڑ اور امامیہ کالونی ریلوے کراسنگ پر تعمیر کئے جائیں گے جبکہ جڑانوالہ سے لاہو رآنے والے ٹریفک کی سہولت کے لئے شاہدرہ موڑ پر انڈر پاس بھی تعمیر کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سڑک کے ساتھ ساتھ 4نئے بس سٹیشن بھی تعمیر کئے جائیں گے جبکہ پہلے سے موجود ایک بس سٹیشن کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ2014ء کے تحت یہ منصوبہ بی او ٹی کی بنیاد پر تعمیر کرنے کے لئے مضبوط مالی حیثیت اور تعمیراتی صلاحیت کی حامل مقامی اور غیر ملکی پارٹیوں سے 15مئی2015ء تک اظہار دلچسپی طلب کر لئے ہیں۔ اس انتظام کے تحت نجی شعبہ منصوبے کی لاگت برداشت کرنے ‘ اس کی تعمیر اور دیکھ بھال اور اسے چلانے کا ذمہ دار ہوگا جس کے بدلے میں اسے 25سال تک ٹال وصول کرنے کی اجازت ہوگی۔