فاسٹ بولر محمد عرفان انجرڈ ہوگئے ،آئرلینڈ کے خلاف ٹیم میں یاسر شاہ کو شامل کیے جانے کا امکان،

وہاب ریاض، سہیل خان اور محمد عرفان نے کچھ اسٹار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان کے لیے ورلڈ کپ کو زندہ رکھا

ہفتہ 14 مارچ 2015 22:55

فاسٹ بولر محمد عرفان انجرڈ ہوگئے ،آئرلینڈ کے خلاف ٹیم میں یاسر شاہ ..

ایڈیلیڈ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان انجرڈ ہوگئے ہیں جس کے باعث آئرلینڈ کے خلاف ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں یاسر شاہ کو شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔جنوبی افریقہ کے خلاف عرفان کی کولہے کی انجری ایک مرتبہ پھر سامنے آگئی تھی تاہم انہوں نے باؤلنگ کی اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق عرفان کی جگہ آئر لینڈ کیخلاف اہم ترین میچ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کیا جاسکتا ہے۔عرفان پاکستانی ٹیم کے اہم ترین بالر ہیں جن کی انجری سے پاکستان کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے۔ پاکستان پہلے ہی یہ ورلڈ کپ سعید اجمل، محمد حفیظ، جنید خان اور عمر گل کی عدم موجودگی میں کھیل رہا ہے۔کپتان مصباح الحق کے مطابق وہاب ریاض، سہیل خان اور محمد عرفان نے کچھ اسٹار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان کے لیے ورلڈ کپ کو زندہ رکھا ہوا ہے اور تینوں نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ورلڈ کپ میں 38میں سے 28وکٹیں انہی کھلاڑیوں نے حاصل کر رکھی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد توقیر نے تو یہاں تک کہا کہ پاکستان کے تینوں گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کے فاسٹ بالر ڈیل اسٹین، ورنن فلینڈر اور مارنی مارکل جتنی اچھی ہی باؤلنگ کی تھی۔ تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ اگر پاکستان کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو عرفان اس میچ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔

متعلقہ عنوان :