لاہور کے 2 گرجا گھروں پر خودکش حملوں میں 14افراد ہلاک، 65 سے زائد زخمی

اتوار 15 مارچ 2015 16:36

لاہور کے 2 گرجا گھروں پر خودکش حملوں میں 14افراد ہلاک، 65 سے زائد زخمی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15مارچ۔2015ء) لاہور کے علاقہ یوحنا آباد میں واقع 2 گرجا گھروں میں خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جب کہ 65 سے زائد زخمی ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں واقع کرائسٹ اور کیتھولک گرجا گھروں میں اتوار کی خصوصی عبادات جاری تھیں کہ 2 خودکش حملہ آوروں نے اندر جانے کی کوشش کی تاہم وہاں سیکیورٹی پر مامور افراد نے انہیں روک لیا جس پر انہوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔

دھماکوں کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت جنرل اسپتال پہنچایاگیا۔ اسپتال انتظامیہ نے 2 بچوں سمیت 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ 65 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد علاقے میں شدید اشتعال پھیل گیا، مشتعل افراد نے جائے وقوعہ سے دو مشکوک افراد کو پکڑ لیا تاہم انہوں نے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے تتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فیروز پور روڈ پر زندہ جلادیا، جس کے بعد مظاہرین نے میٹرو بس سروس روڈ پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کرکے بس سروس معطل کردی اور بس سروس کے کئی جنگلے توڑ دیئے۔

حکومت نے مظاہرین کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لئے واٹر کینن بھی طلب کرلی۔ وزیراعظم نوازشریف نے لاہور دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی جان و مال کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں اور دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :