آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ ، پاکستان نے آئرلینڈکو شکست دیکر کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

اتوار 15 مارچ 2015 19:24

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ ، پاکستان نے آئرلینڈکو شکست دیکر کوارٹرفائنل ..

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ۔2015ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے آئرلینڈکو شکست دیکر کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،شاہینوں نے آئرش آرمی کو 7وکٹوں سے پسپا کردیا، کوارٹرفائنل میں پاکستان اور میزبان آسٹریلیاکی ٹیمیں 20مارچ کو ایڈیلیڈاوول میں مدمقابل ہوں گی،آئرش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 237 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی،آئرش کپتان ولیم پوٹرفیلڈ نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، سہیل خان اور راحت علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں،پاکستان نے مطلوبہ ہدف46.1اوورزمیں3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،سرفرازاحمد نے شانداراور ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 124گیندوں پر6چوکوں کی مدد سے 101رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلی۔

سرفرازاحمد رواں ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ،وہ ورلڈکپ 2007ء کے بعد سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی سنچری میکرہیں،احمد شہزاد63اور مصباح الحق 39رنز بناکر نمایاں،آئرلینڈ کی طرف سے سٹیورٹ تھامسن اور ایلکس کیوسیک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز سرفرازاحمد کو مسلسل دوسرے میچ میں شاندار کاکردگی پر مین آف دی میچ قراردیاگیا۔

(جاری ہے)

اتوارکو یہاں ایڈیلیڈ اوول گراوٴنڈ میں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں آئرش کپتان ولیم پورٹرفیلڈ نے ٹاس جیت کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آئرش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 237 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ آئرش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو اوپننگ بلے باز پال اسٹرلنگ 3 رنز بنا کر احسان عادل کا شکار بنے جس کے بعد 56 کے مجموعے پر ایڈ جوائس بھی 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آئرش ٹیم کا اسکور86 تک پہنچا تو جارح مزاج بلے باز نیل اوبرائن راحت علی کی گیند پرعمراکمل کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے جب کہ 134 کے مجموعے پراینڈی بیل برائن 18 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔آئرش کپتان ولیم پوٹرفیلڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 107 رنز بنائے اور یہ ان کی کسی بھی ٹیسٹ میچ سٹیٹس رکھنے والی ٹیم کے خلاف پہلی سنچری تھی۔

آئرش ٹیم کا اسکور189 رنزتک پہنچا تو گیری ولسن 29 رنز بنا کر چلتے بنے جس کے بعد اسٹارٹ تھامسن بھی 12 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جب کہ کیون اوبرائن 8، جون مونی 13 اور جارج ڈوکریل 11 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، سہیل خان اور راحت علی نے 2،2 جب کہ احسان عادل اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف46.1اوورزمیں3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

گرین شرٹس کی جانب سے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور اوپننگ بلے باز احمد شہزاد اورسرفراز احمد نے پہلی وکٹ پر 120 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے قومی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا جب کہ احمد شہزاد 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنا کرسٹیورٹ تھامسن کے ہاتھوں آوٴٹ ہوئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز حارث سہیل 3 رنزبناکررن آوٴٹ ہوگئے۔

کپتان مصباح الحق39رنز بناکر ایلکس کیوسیک کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوگئے ۔سرفرازاحمد نے شانداراور ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 124گیندوں پر6چوکوں کی مدد سے 101رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلی۔سرفرازاحمد رواں ورلڈکپ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے،سرفرازاحمدورلڈکپ 2007ء کے بعد سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔عمر اکمل نے 20رنز بنائے۔آئرلینڈ کی طرف سے سٹیورٹ تھامسن اور ایلکس کیوسیک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز سرفرازاحمد کو مسلسل دوسرے میچ میں شاندار کاکردگی پر مین آف دی میچ قراردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :