نائن زیرو پرچھاپے کے دوران گرفتارافراد سے متعلق فیصلہ عدالت کرے گی، قائم علی شاہ،رینجرزکے کامیاب آپریشن کے بعد سندھ میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں ختم ہوگئی ہیں، ایم کیوایم جرائم پیشہ افراد سے لاتعلقی کااظہارکرے یا پھر ان کیخلاف کارروائی کی حمایت کرے، قانون سے بالاترکوئی نہیں ،وزیراعلیٰ سندھ کی سکھرایئرپورٹ پرمیڈیا سے بات چیت

اتوار 15 مارچ 2015 22:30

نائن زیرو پرچھاپے کے دوران گرفتارافراد سے متعلق فیصلہ عدالت کرے گی، ..

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہاہے کہ الطاف حسین ہم پرتنقید کرلیں لیکن فوج کومتنازعہ نہ بنائیں۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پرچھاپے کے دوران گرفتارافراد سے متعلق فیصلہ عدالت کرے گی۔ ایم کیوایم جرائم پیشہ افراد سے لاتعلقی کااظہارکرے یا پھر ان کے خلاف کارروائی کی حمایت کرے، قانون سے بالاترکوئی نہیں ہے۔

کامیاب آپریشن کے بعد سندھ میں اغوابرائے تاوان کی وارداتیں ختم ہوگئی ہیں۔اتوارکوسکھر کے سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہاکہ رینجرزتقریبا 2 سال سے خفیہ معلومات پرآپریشن کررہی ہے اور میری نگرانی میں رینجرزاورپولیس کی دہشت گردوں،جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رینجرزکے کامیاب آپریشن کے بعد سندھ میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں ختم ہوگئی ہیں۔

وزیر اعلی سندھ نے کہاکہ ایم کیوایم سے سیاسی طورپرتعاون اوراس حوالے سے بات چیت جاری ہے، سیاست اورجرائم دوالگ چیزیں ہیں اور جرائم کوسیاست سے منسلک نہیں کیاجاسکتا لہٰذا جرائم پرسودے بازی یامفاہمت کی بات نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں آپریشن تمام جماعتوں کے اتفاق رائے کے بعد شروع کیا گیا جس میں پیپلزپارٹی کے لوگ بھی مارے اور پکڑے گئے ہیں جب کہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پرچھاپے کے دوران گرفتارافراد سے متعلق اب عدالت فیصلہ کریگی۔

انہوں نے کہا کہ جومجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہوگا،اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ رینجرزکواختیارات دینے کافیصلہ تمام جماعتوں کواعتماد میں لیکرکیا گیاہے،اور تمام جماعتیں اس فیصلے پرمتفق ہیں۔شہر قائد میں قیام امن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن بحال ہوگیاہے،لوگ رات دوبجے بھی ساحل سمندرپر جاتے ہیں۔