ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ کیس ،درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

پیر 16 مارچ 2015 13:00

ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ کیس ،درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) منی لانڈرنگ کے کیس میں گرفتار معروف ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیاہے۔اسلام آباد کی کسٹم عدالت میں ایان علی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس دوران ایان علی کے وکیل کا کہناتھاکہ ائیرپورٹ پر برآمد ہونے والی رقم خالد ملک نے دی جو زمین فروخت کر کے حاصل کی گئی۔

عدالت میں دوران سماعت حیرت انگیز موڑ اس وقت آیا جب ایان علی کی والد راجہ حفیظ نے عدالت میں پیش ہو کر اپنی بیٹی ایان علی کا اصل معاملہ جاننے کی کوشش کی جبکہ عدالت میں ایان علی کا ابتدائی بیان پڑھ کر سنایا گیا جس کے مطابق ایان علی کے والدین وفات پاچکے ہیں۔ایان علی نے اپنے بیان میں بتایا تھاکہ وہ کراچی میں رہتی ہے اور دبئی میں ایک ریسٹورنٹ میں کام بھی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ایان علی کے والد نے عدالت میں پیش ہو کر اپنا شناختی کارڈ دکھایا اور عدالت کو یقین دلایا کہ وہی اس کا والد ہے اور وہ جاننے آیا ہے کہ اس کی بیٹی کااصل معاملہ کیاہے۔والد راجہ حفیظ نے کہاکہ اس کی بیٹی کیخلاف پراپیگنڈا کیا جا رہاہے۔اس موقع پر کسٹم حکام کاکہنا تھاکہ ایان علی سے تفتیش میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی لیکن وہ مزید تفتیش کیلئے عدالت میں رجوع کریں گے۔عدالت کے فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تمام قانونی پہلووں کو سامنے رکھ کر ہی فیصلہ کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :