مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں زندہ جلائے گئے دو افراد کی تاحال شناخت نہ ہو سکی ،نمونے فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے

پیر 16 مارچ 2015 14:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) یوحنا آباد میں خود کش دھماکوں کے بعد دہشتگردوں کے ساتھ قرار د ے کر زندہ جلائے جانے والے دو مشتبہ افراد کی تاحال کوئی شناخت سامنے نہ آ سکی ،دونوں افراد کے نمونے فرانزک ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز یوحنا آباد میں خود کش دھماکوں کے بعد مشتعل مظاہرین نے جائے وقوعہ کے قریب سے دو مشتبہ افراد کو پکڑ کر انہیں دہشتگردوں کا ساتھی قرار دے کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دونوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہو گئی تھی اور اسی دوران دونوں کو پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا گیا تھا۔

دونوں کی لاشیں جناح ہسپتال کے مردہ خانے میں موجود ہیں لیکن تاحال انکی کسی بھی حوالے سے کوئی شناخت سامنے نہیں آ سکی ۔پولیس کے مطابق دونوں افراد کے نمونے فرانزک ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں جن کی رپورٹ آنے کے بعد ہی دونوں افراد کی شناخت ہونے کا امکان ہے ۔