وزیر اعلیٰ پنجاب کا دو افراد کو زندہ جلانے والوں کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گرفتاری کا حکم، ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے،انصاف کے تقاضے پورے کیے جائینگے،پنجاب حکومت مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، مسیحی برادری احتجاج کے دوران امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے ،وزیراعلیٰ پنجاب کا اعلی سطحی اجلاس میں یوحنا آباد دھماکوں سمیت امن وامان کے تناظر میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ ، شہباز شریف کو دھماکوں بارے ابتدائی رپورٹ پیش، وزیر اعلیٰ کی صوبے بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت

پیر 16 مارچ 2015 20:59

وزیر اعلیٰ پنجاب کا دو افراد کو زندہ جلانے والوں کے خلاف بلاتاخیر قانونی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے دو افراد کو زندہ جلانے والوں کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے،انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے ،افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ،پنجاب حکومت مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، مسیحی برادری احتجاج کرنے میں حق بجانب ہے، احتجاج میں امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔

وہ پیر کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ اجلاس میں صوبے کی امن وامان خصوصاً یوحنا آباد دھماکوں کے تناظر میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوحنا آباد میں گزشتہ روزپیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کی مذمت کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔

اس واقعہ کے ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔حکومت اس ضمن میں اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرے گی اورانصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر اس شخص کا ہے جو یہاں بستا ہے ،وطن عزیز میں رہنے والا ہر شخص پاکستانی ہے ۔ چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب ،نسل یاطبقے سے ہواور ہر شہری کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔

وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ صوبے بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے اور اس ضمن میں فول پروف انتظامات کیے جائیں ۔اعلی پولیس حکام خود اس سلسلے میں سکیورٹی کے تمام انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی ہمارے بھائی ہیں۔ان کے حقوق اورگرجا گھروں کا تحفظ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں اورتمام عبادت گاہوں کا سکیورٹی آڈٹ کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گذشتہ روزپیش آنے والے واقعہ میں دو افراد کو زندہ جلانے والوں کو گرفتار کیا جائے اوران کے خلاف بلاتاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام واقعے کی مکمل تحقیقات کراکے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی اورذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں امن عامہ کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ مسیحی برادری احتجاج کرنے میں حق بجانب ہے، تاہم احتجاج کرتے ہوئے انہیں امن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو دھماکوں کے بارے میں ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔