11ویں آئی سی سی ورلڈکپ کاکوارٹر فائنل مرحلہ کل سے شروع ہوگا

منگل 17 مارچ 2015 11:02

11ویں آئی سی سی ورلڈکپ کاکوارٹر فائنل مرحلہ کل سے شروع ہوگا

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) 11ویں آئی سی سی ورلڈکپ کاکوارٹر فائنل مرحلہ کل بدھ سے شروع ہوگا،پہلا کوارٹرفائنل سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلاجائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8بجے شروع ہوگا۔یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔پول اے سے کوالیفائی کرنی والی سری لنکا کی ٹیم نے پول سٹیج میں چھ میچ کھیلے جن میں سے دو میں اس کو شکست اور چار میں کامیابی حاصل ہوئی۔

ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں سری لنکا نے آٹھ پوائنٹ حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.37+ رہا۔ پول بی سے کوالیفائی کرنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بھی چار فتوحات کے ساتھ آٹھ پوائنٹ حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 1.71+ رہا جو اس کے حریف سری لنکا سے کافی بہتر ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان ایک کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔میگا ایونٹ کا دوسراکوارٹر فائنل 19مارچ کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میلبورن کرکٹ گراؤنڈمیں کھیلا جائے گا۔

یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8بجے شروع ہوگا۔یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔بھارت جس نے پول بی سے کوالیفائی کیا ہے ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں ناقابلِ شکست رہا۔ بھارت کو 12 پوائنٹس حاصل ہیں اور اب تک اس کا اوسط رن ریٹ 1.83+ ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم پول مرحلے میں تین میچ جیتنے میں کامیاب رہی، دو میں اس کو شکست ہوئی اور ایک میچ بغیر فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

بنگلہ دیش کے سات پوائنٹس ہیں اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.14+ ہے۔ماہرین اس مقابلے میں بھارت کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔تیسرا کوارٹرفائنل 20مارچ کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ایڈیلیڈاوول میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8بجے شروع ہوگا۔یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔نو پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا پول اے سے کوالیفائی کرنی والی تیسری ٹیم ہے۔

پول سٹیج میں آسٹریلیا کو چار میچوں میں کامیابی، ایک میں شکست اور ایک میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ اب تک آس کا اوسط رن ریٹ 2.26+ رہا۔پاکستان نے پول مرحلے میں آٹھ پوائنٹ حاصل کر کے کواٹر فائنل میں پہنچنے تک کامیاب ہوا ہے۔اگرچہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی اور پاکستان اپنے پہلے دونوں میچ ہار گیا تھا لیکن آخری چار میچوں میں پاکستانی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور کواٹر فائنل تک رسائی کو یقینی بنایا۔

پاکستان نے پول مرحلے میں آٹھ پوائنٹس حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.09- رہا۔چوتھا کوارٹر فائنل21مارچ کو نیوزی لینڈ اورویسٹ انڈیزکے درمیان ویسٹ پیک سٹیڈیم ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6بجے شروع ہوگا۔یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے اور اس کے 12 پوائنٹس ہیں۔نیوزی لینڈ کا اوسط رن ریٹ پول مرحلے میں 2.56+ رہا جو تمام دوسری ٹیموں سے بہتر ہے۔

ویسٹ انڈیز کو تین میچوں میں فتح اور تین میں شکست نصیب ہوئی۔ پول بی میں آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز دونوں کے چھ پوائنٹس ہیں لیکن 0.05- کے نسبتاً بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے کواٹر فائنل میں کوالیفائی کیا ہے۔میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ24 مارچ کو ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔پہلا سیمی فائنل سری لنکا اور جنوبی افریقہ جبکہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز میں سے دو فاتح ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دوسرا سیمی فائنل میچ 26 مارچ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور آسٹریلیا جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں سے دو فاتح ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 29 مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :