ورلڈ کپ ناک آوٹ مرحلے میں پاکستان کو موسم اچھا رہنے کی دعابھی کرنا ہوگی

منگل 17 مارچ 2015 11:11

ورلڈ کپ ناک آوٹ مرحلے میں پاکستان کو موسم اچھا رہنے کی دعابھی کرنا ہوگی

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) ورلڈ کپ ناک آوٹ مرحلے میں پاکستان کو موسم اچھا رہنے کی دعابھی کرنا ہوگی۔ کوارٹر اور سیمی فائنل میں مقابلہ بارش کی نذر یا ٹائی ہونے کی پر گروپ میں بہتر پوزیشن والی ٹیم آگے جائے گی۔ فائنل کا کھیل نہ ہوسکا تو دونوں فائنلسٹ ٹیمیں فاتح قرار پائیں گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ کوشکست دیکرکوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔

اورجمعے کو گرین شرٹس ایڈیلیڈ میں میزبان کینگروز کاسامنا کریں گے۔ مصباح الیون کو ٹائٹل کی جانب سفرجاری رکھنے کیلئے اچھے کھیل کے ساتھ اچھے موسم کی بھی دعا کرنا ہوگی۔ آئی سی سی نے ناک آوٴٹ میچز کیلئے بھی کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا۔ اس لئے کوارٹر فائنل بارش کی نذر یا ٹائی ہونے پرسیمی فائنل وہی سائیڈ کھیلے گی جس کی پوزیشن گروپ میچز میں بہتر رہی ہوگی۔

(جاری ہے)

پاکستان گروپ بی میں تیسرے نمبر پررہا۔ آسٹریلیا نے گروپ اے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اگر میچ بارش کی نذر یا ٹائی ہوا تو میزبان ٹیم سیمی فائنل کھیلے گی۔سیمی فائنل میں پاکستان کا ممکنہ حریف بھارت ہوگا۔ اس میں بھی بارش یا ٹائی میچ کا فائدہ دھونی الیون کو ہی حاصل ہوگا۔ آئی سی سی نے ابتدا میں ورلڈ کپ فائنل ٹائی ہونے پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دینے کااعلان کیا تھا۔لیکن ماہرین کے اعتراض کے بعد صرف فائنل میں سپر اوور کے استعمال کا اعلان کیا گیا۔اگر فائنل ٹائی ہوگیا یا بارش کی وجہ سے سپر اوور بھی نہیں کھیلا جاسکا۔ یا پھر بارش کی وجہ سے فائنل مکمل ہی نہیں ہو سکا۔ اس صورت میں دونوں فائنلسٹ مشترکہ چیمپئن قرارپائیں گے۔

متعلقہ عنوان :