ون ڈے رینکنگ میں سعید اجمل کا پہلا نمبرآندھیوں کی زد میں آگیا

منگل 17 مارچ 2015 12:45

ون ڈے رینکنگ میں سعید اجمل کا پہلا نمبرآندھیوں کی زد میں آگیا

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) ون ڈے رینکنگ میں سعید اجمل کا پہلا نمبر بھی آندھیوں کی زد میں آگیا، کھیل سے باہر اسپنر کی جگہ ہتھیانے کے لئے ڈیل اسٹین اور مچل اسٹارک میں مقابلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق سعید اجمل گذشتہ سال پابندی عائد ہونے کے بعد سے کھیل سے دورہیں، اس وجہ سے ان کی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ بولنگ پوزیشن خطرے میں پڑچکی، ٹاپ بولر کا اعزاز پانے کے لیے ڈیل اسٹین اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک میں بھرپور مقابلہ ہے، ایک درجے بہتری ڈیل اسٹین کو دوسرے جبکہ 2درجے ترقی مچل اسٹارک کو تیسرے نمبر پر لے آئی۔

میگا ایونٹ سے پراسرار طور پر دستبردار ہونیوالے ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن 2درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، جنوبی افریقی عمران طاہر کو بھی ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے پانچویں نمبر پر ا?نا پڑا۔

(جاری ہے)

ٹاپ ٹین میں شامل دوسرے پاکستانی بولر محمد عرفان 2درجہ تنزلی کے بعد اب 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں،ان کی جگہ مورن مورکل نے سنبھال لی۔

بولنگ پر پابندی کا شکار محمد حفیظ بھی ایک نمبر نیچے 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ بیٹسمینوں میں ٹاپ پر ابراہم ڈی ویلیئرز سے کمار سنگاکارا نے فاصلہ کافی کم کرلیا، بدھ کے کوارٹر فائنل میں دونوں کے درمیان رینکنگ کی ٹاپ پوزیشن کی جنگ بھی چھڑے گی۔ ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں تاہم مصباح الحق 13 ویں نمبر پر موجود ہیں، 2 درجہ ترقی پاکر احمد شزاد 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

ا?ل راؤنڈرز میں سرفہرست تلکارتنے دلشان کو شکیب الحسن کا چیلنج درپیش ہے۔چوتھا نمبر بدستور محمد حفیظ نے سنبھالا جبکہ ایک درجے خسارے سے شاہد آفریدی چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ ورلڈ کپ کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہونے کے باوجود ٹیم رینکنگ میں کوئی فرق نہیں آیا، آسٹریلیا ٹاپ اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان کی ساتویں پوزیشن ہے۔ 31 مارچ 2015 تک جو ٹیم رینکنگ میں ٹاپ پر ہوگی اسے ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والی سائیڈکو 75 ہزار ڈالر ملیں گے۔