پاک بھارت سیریز ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گئی

منگل 17 مارچ 2015 12:50

پاک بھارت سیریز ایک بار پھر کھٹائی میں پڑ گئی

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) بھارت پھر پاکستانی بورڈ کو دکھائے سبز باغ اجاڑنے پر تل گیا اور رواں سال کے آخر میں شیڈول مجوزہ سیریز سے جان چھڑانے کی کوششیں شروع کردیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے حالیہ دورہ بھارت سے واپسی پر اعلان کیا تھا کہ بی سی سی آئی سے معاملات طے ہوگئے، پہلی سیریز یو اے ای میں کھیلی جائے گی لیکن بھارتی بورڈ اب بھی اپنے اسی موقف پر قائم دکھائی دے رہا ہے جس پر وہ 2009 میں تھا۔

رواں برس پاکستان سے سیریز کے حوالے سے بی سی سی آئی کے نئے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ ہم اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے، اس کا انحصار دونوں ممالک کے تعلقات پر ہے، بی سی سی آئی تو تمام ٹیسٹ ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کو تیار ہے لیکن انحصار حکومتی ہدایات پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی کے نئے سیکریٹری سے جب پوچھا گیا کہ کیا بورڈ یو اے ای میں پاکستان سے کھیلنے کو تیار ہے تو ٹھاکر نے کہاکہ ہم اس بارے میں بھی کچھ نہیں کہہ سکتے، پہلے یہ تو طے ہو کہ ہم نے پاکستان سے سیریز کھیلنی ہے، وینیو کا معاملہ توبعد میں آئے گا۔

بھارتی بورڈ کی آمدنی میں کمی کے بارے میں سوال پر انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ گذشتہ کچھ عرصے میں ہم نے اپنے ملک میں زیادہ سیریز نہیں کھیلیں جس سے آمدنی کم ہوئی لیکن رواں سیزن میں زیادہ ٹیموں کی میزبانی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ بورڈ نقصان کی تلافی کرے گا۔روی شاستری کے بطور ٹیم ڈائریکٹر مستقبل کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ہمیں ورلڈ کپ کے بعد نیا کوچ تلاش کرنا ہے، شاستری کو ٹیم کے ساتھ برقرار رکھنے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، میگا ایونٹ کے بعد ہم ان سے بات کرکے ہی کوئی قدم اٹھائینگے۔

متعلقہ عنوان :