ون ویلنگ کے خاتمہ کیلئے ہیوی بائیک سوار مزید22 پٹرولنگ آفیسر تعینات

منگل 17 مارچ 2015 17:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہاکہ نوجوان نسل کو بچانے اور شہرسے ون ویلنگ کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں،اہم شاہراہوں پر ہفتہ اور اتوار کے روز مزید 22 پٹرولنگ آفیسر تعینات کر دیئے گئے ہیں جو 250-CC موٹر سائیکلوں پر گشت کرتے ہوئے ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کریں گے۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ون ویلنگ جان لیوا کھیل ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس اس خطرناک کھیل سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ون ویلنگ کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران09ون ویلروں کے گھروں میں نوٹسز بھجوادیئے گئے ہیں۔اس سے قبل 2 ڈی ایس پیز کی نگرانی میں 60 سے زائد ٹریفک وارڈنز سادہ کپڑوں میں ویڈیو کیمروں کے ہمراہ شہر کی اہم شاہراہوں پر تعینات کیے گئے۔

(جاری ہے)

ون ویلنگ کیخلاف انسدادی کارروائی میں شامل وارڈنز کو ویڈیو کیمرے دیئے گئے تاکہ ویلرز کیخلاف ٹھوس قانونی چارہ جوئی کے ساتھ ساتھ اُنکی مذموم حرکات اُنکے والدین بھی دیکھ سکیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ ون ویلنگ کیخلاف شہر بھر میں آگاہی مہم بھی جاری ہے اُس کے خاتمے کیلئے ہمیں سب کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر طبقہ فکر کے لوگ خصوصاََ والدین اور طلباء ون ویلنگ کیخلاف جہاد میں اپنا کردار اداکریں تاکہ ون ویلنگ کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ کر پھیکا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ون ویلنگ بارے شکایات یا تجویز کیلئے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔