Live Updates

عمران خان نے دھرنوں کے ذریعے پاک چین دوستی ختم کرنے کی سازش کی ، اوکاڑہ ، قصور اور شیخوپورہ سرکل وبال جان بنے ہوئے ہیں ، جس سرکل کی ریکور ی سو فیصد اور چوری صفر ہو گی اسکے ملازمین کو ایک تنخواہ بطور بونس دی جائے گی ،اپریل میں 1400سے 1500میگا واٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی،وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی کا مومن پورہ میں 132کے وی کے گرڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب لیسکو افسران کا خطاب

منگل 17 مارچ 2015 22:59

عمران خان نے دھرنوں کے ذریعے پاک چین دوستی ختم کرنے کی سازش کی ، اوکاڑہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان نے دھرنوں کے ذریعے پاک چین دوستی کو ختم کرنے کی سازش کی اور اسکی وجہ سے پاکستان ایک سال پیچھے چلا گیا ،ماضی میں حکمرانوں نے بجلی کے منصوبوں پر صرف اپنے ناموں کی تختیاں لگائیں اسکے لئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا ،بد قسمتی ہے کہ پاکستان کے وسائل سے کھیلا گیا ، ماضی میں کمیشنوں سے اپنی جیبیں تو بھری گئیں لیکن عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ،لیسکو کے اوکاڑہ ، قصور اور شیخوپورہ سرکل ہمارے لئے وبائل جان بنے ہوئے ہیں ، جس سرکل کی ریکور ی سو فیصد اور چوری صفر ہو گی اسکے ملازمین کو ایک تنخواہ بطور بونس دی جائے گی ،موسم گرما آ رہا ہے لیسکو افسران عوام کے بجلی سے متعلقہ مسائل حل کرنے کیلئے دفاتر سے باہر نکلیں اسکے لئے میں اچانک دورے کروں گا ،اپریل میں 1400سے 1500میگا واٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو الحمرا میں لیسکو کے افسران اور مومن پورہ میں 132کے وی کے گرڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو قیصر زمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے اسے چیلنجز کا سامنا ہے ،سسٹم میں بہت سی خرابیاں ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے کام ہونے والا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب ٹرانسفارمرز کے حوالے سے حکم امتناعی ختم ہو گیا ہے افسران اس حوالے سے آ نے والی شکایت کا جلد از جلد ازالہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ لیسکو کے افسران اور ملازمین محنت کرتے ہیں لیکن اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ موسم سرما آنے والا ہے افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے باہر نکل کر عوام کے مسائل حل کریں اور افسران کی کارکردگی دیکھنے کے لئے اچانک دورے کروں گا۔

عابد شیر علی نے کہا کہ کسی بھی ڈسٹری بیوشن کمپنی میں ہمارے کسی بھی ملازم پر ہاٹھ اٹھے گا یا گولی چلے گی تو ہم وہ ہاتھ کاٹیں گے ۔ آئیسکو میں ہمارے دو ملازمین کو قتل کیا گیا ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔بجلی بند ہونے پر رکن قومی اسمبلی بھی اسکی بحالی کے لئے آئے لیکن ہم نے واضح کہہ دیا ہے کہ بجلی بحال نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو کے اوکارہ ‘ قصور اور شیخوپورہ سرکل ہمارے لئے وبال جان بنے ہوئے ہیں۔

وہاں مافیا قائم ہے جسے ختم کرنا ہی کرنا ہے ۔ چوبیس مارچ کو قصور سٹی کے اندر کھلی کچہری لگاؤں گا ،اگر وہاں اوور بلنگ یا دیگر شکایات آئیں تو سخت کارروائی ہو گی اگلے ہفتے اوکاڑہ جبکہ اسکے بعد شیخوپورہ سٹی میں بھی کھلی کچہری لگاؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ جس سرکل کی ریکوری سو فیصد اور چوری صفر ہو گی وہاں کے افسران اور ملازمین کو ایک تنخواہ بطور بونس دی جائے گی ۔

موسم گرما آنے والا ہے افسران لوڈ مینجمنٹ کو دیکھیں ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی کمٹمنٹ ہے کہ بجلی کے بحران کو ختم کرنا ہے اور اسکے لئے وہ خود بھی دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ۔ انشا اللہ اس ملک کو لوڈ شیڈنگ کی نحوست سے چھٹکارا دلایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیا میر بھاشا ڈیم پر پرویز مشرف نے اپنے نام کی تختی لگائی اسکے بعد دو وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف نے بھی اپنے ناموں کی تختیاں لگائیں لیکن زمین حقائق اسکے برعکس تھے، جہاں یہ منصوبہ مکمل ہونا تھا وہاں سرے سے زمین کا ہی بندوبست نہیں کیا گیا ۔

لیکن موجودہ حکومت نے ڈیم کی تعمیر کے لئے اراضی ایکوائر کرنے کا اسی فیصد کام مکمل کر لیا ہے اور اسکا کریڈٹ وزیر اعظم محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔ داسو ڈیم پر تین سے چار ماہ میں کام شروع ہونے جارہا ہے اسکے پہلے فیز سے 2200میگا واٹ جبکہ دوسرے فیز سے بھی اتنی بجلی میسر آئے گی ۔ نیلم جہلم ہماری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے اس منصوبے کو دو سال قبل مکمل ہوجانا چاہیے تھا اور اگر یہ اس وقت مکمل ہوتا تو اس پر 80ارب روپے کی لاگت آنا تھی جو ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے بڑھ کر 300ارب سے تجاوز کر چکی ہے ۔

بد قسمتی ہے کہ پاکستان کے وسائل سے کھیلا گیا ہے ، ماضی میں کمیشنوں سے اپنی جیبیں تو بھری گئیں لیکن عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے پاکستان دشمنی کا ثبوت ہیں، عمران خان نے ان دھرنوں کے ذریعے پاک چین دوستی کو ختم کرنے کی سازش کی اور پاکستان ایک سال پیچھے چلا گیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف چالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لائے لیکن دھرنے والوں نے اس پر قدغن لگانے کی کوشش کی لیکن سازش کرنے والوں کے ناپاک عزائم عیاں ہو گئے ۔

ا نہوں نے کہا کہ اب ہماری واضح پالیسی ہے جو بل دے گا اسے بجلی ملے گی اور بجلی چوروں کو تنہائی کا شکار کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ جون تک لیسکو کے تمام سسٹم کی از سر نو بحالی کر لی جائے گی لیسکو کے 273فیڈرز اوور لوڈڈ ہیں جسکی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے انشا اللہ جون تک لو وولٹیج کا مسئلہ حل ہو جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسمیشن لائنز بچھانے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل تک 1400سے 1500میگا واٹ بجلی سسٹم میں آ جائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات