وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت یوحنا آباد کے افسوسناک واقعے پر 3گھنٹے طویل اجلاس، سانحہ میں ہلاک افرا د کے غم میں ایک منٹ کی خاموشی ، پولیس کانسٹیبل سمیت جاں بحق دیگرافراد سمیت کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی

منگل 17 مارچ 2015 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال خصوصاً یوحنا آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے تناظر میں تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جو 3گھنٹے تک جاری رہا-اجلاس کے دوران یوحنا آباد دھماکو ں میں جاں بحق ہونیوالے مسیحی بھائیوں کے غم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ جاں بحق ہونے دیگرافراد سمیت پولیس کانسٹیبل کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی- اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب اعظم سلیمان کے والد کے انتقال پر ان کی مغفرت کے لئے دعا بھی کی گئی-اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ یوحنا آباد میں زندہ جلائے جانے والے نوجوان محمد نعیم کی میت فوری طو رپر ورثاء کے حوالے کی جائے- اجلاس میں افسوسنا ک واقعے کا مختلف پہلو ؤں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لئے حکمت عملی پر غور کیا گیا-