مصباح الحق نے محمدعرفان کے ورلڈکپ سے باہر ہونے کوبہت بڑادھچکا قراردیدیا

بدھ 18 مارچ 2015 10:56

مصباح الحق نے محمدعرفان کے ورلڈکپ سے باہر ہونے کوبہت بڑادھچکا قراردیدیا

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے محمدعرفان کے ورلڈکپ سے باہر ہونے کو بڑادھچکا قراردیدیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے طویل القامت فاسٹ باوٴلر محمد عرفان کولہے میں اسٹریس فریکچر کے سبب ورلڈ کپ سے باہر ہونے کو بہت بڑا دھچکا قرار دیا ۔

32 سالہ فاسٹ باوٴلر کو سب سے پہلے دو ہفتے قبل متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے قبل یہ تکیف ہوئی تھی جس کے باعث وہ میچ میں صرف تین اوورز کرا سکے تھے۔انہوں نے کہا کہ عرفان ایک ایسا باوٴلر ہے جو اس ٹورنانٹ میں شریک دیگر باوٴلرز سے بہت مختلف تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت بڑا دھچکا ہے لیکن ہمیں اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔

(جاری ہے)

عرفان کی انجری پاکستان کو تازہ ترین جھٹکا ہے جہاں اس سے قبل وہ اپنے مرکزی باوٴلنگ اٹیک سے محروم ہو چکی ہے۔مصباح نے اسپنر سعید اجمل اور آل راوٴنڈر محمد حفیظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت مشکل ہے کیونکہ مشکوک باوٴلنگ ایکشن کے باعث پابندی کے سبب ہم ورلڈ کپ سے قبل اپنے دو باوٴلرز سے محروم ہو گئے تھے۔ہم انجری کے سبب اپنے دو اہم فاسٹ باوٴلر عمر گل اور جنید خان سے بھی محروم ہو گئے تھے، اب جبکہ ہم نے بہتر پرفارم کرنا شروع کیا تو انجری نے ہمیں بری طرح نقصان پہنچایا ہے‘۔

’یہ کپتان کے لیے پریشان کن بات ہے لیکن ہم اس سے نمٹنے کا کوئی حل ڈھونڈ لیں گے‘۔اگر پاکستان کوارٹر فائنل مرحلے میں فتح حاصل کرتا ہے تو یقینی طور پر جنید خان کو عرفان کے متبادل کے طور پر طلب کیا جائے گا۔عرفان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے سے قبل سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا تھا کہ عرفان کو اپنی فٹنس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ عرفان ایک مختلف باوٴلر ہے، ان کی جسامت میں کافی کھنچاوٴ آتا ہے اور انہیں احتیاط کے ساتھ استعمال کیے جانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :