محمد عرفان کو اپنی فٹنس پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، وسیم اکرم

بدھ 18 مارچ 2015 11:00

محمد عرفان کو اپنی فٹنس پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، وسیم اکرم

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اس بات پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ شائقین پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کوارٹرفائنل میں بائیں ہاتھ سے گیند کرانے والے فاسٹ بولرز کی خاصی تعداد کو کھیلتا دیکھیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جب وہ کھیلتے تھے تو اس وقت انہیں بہت ہی کم بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرز دکھائی دیتے تھے لیکن اب صورتحال مختلف ہے۔

انھوں نے کہا کہ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے موجودہ بولرز میں انھیں مچل اسٹارک پسند ہیں۔ ان کا قد لمبا ہے اور وہ گیند سوئنگ کرتے ہیں اسی لیے کامیاب ہیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ مچل جانسن مچل اسٹارک اور عرفان کو بولنگ کرتا دیکھ کر نوجوانوں میں لیفٹ آرم فاسٹ بولر بننے کا شوق بڑھا ہے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان نے اس ورلڈ کپ میں15 وکٹیں حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کی تعریف کی۔

انھوں نے پاکستانی بولرز کے بارے میں کہا کہ محمد عرفان کو اپنی فٹنس پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہاب ریاض نے زمبابوے، جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے خلاف عمدہ بولنگ کی ہے۔وہاب ریاض کا سب سے بڑا مسئلہ کلائی کا تھا لیکن اب انھوں نے اس مسئلے پر قابو پالیا ہے جس کی وجہ سے وہ بہتر انداز میں ان سوئنگ کرنے لگے ہیں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں سے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز تیزی سے ٹیموں کا حصہ بن رہے ہیں جن میں نیوزی لینڈ کے لینڈنگ فاسٹ بولرز کورے ایڈریسن، مچل میک لینیگن اور ٹرینٹ باولٹ بھی شامل ہیں لیکن مچل اسٹارک ان سب میں بہتر ہیں کیوں کہ وہ بال کو سوئنگ کرتے ہیں اور ا?ئیڈیل اونچائی سے پھینکتے ہیں۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ وہاب ریاض نے انہیں بہت متاثر کیا کیونکہ گزشتہ میچوں میں وہاب نے تیز اور بہترین لائن لینتھ پر بولنگ کی تاہم اسے بال پھینکتے وقت اپنی کلائی کو تھوڑا بہتر انداز میں موڑنا ہوگا تاکہ وہ ان سوئنگ بولنگ بھی کر سکے۔

متعلقہ عنوان :