ماں کا دودھ پینے والے بچے زیادہ ذہین ہوتے ہیں ‘ تحقیق

بدھ 18 مارچ 2015 12:32

ماں کا دودھ پینے والے بچے زیادہ ذہین ہوتے ہیں ‘ تحقیق

برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء)برازیل میں طویل عرصے تک کی گئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ ماں کا دودھ پینے والے بچے دیگر بچوں کے مقابلے میں زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔ تحقیق کے دوران زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے تقریباً 3500 بچوں کا جائزہ لیا گیا۔جائزے سے پتہ چلا کہ جن بچوں نے بچپن میں زیادہ دیر ماں کا دودھ پیا تھا آئی کیو ٹیسٹ میں ان کی کارکردگی دیگر بچوں کے مقابلے میں کہیں بہتر رہی۔

ماہرین نے بتایا کہ اگرچہ اس تحقیق کے نتائج حتمی نہیں تاہم اس سے موجودہ صلاح کو تقویت ملتی ہے کہ بچوں کو کم از کم چھ ماہ تک ماں کا دودھ پلانا چاہیے۔لینسٹ گلوبل ہیلتھ نامی طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں کہا گیا کہ ماں کے دودھ پینے کے علاوہ بھی کسی بچے کی ذہانت پر بہت سے دیگر عوامل بھی اثرانداز ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

برازیل کی فیڈرل یونیورسٹی آف پیلوٹاس سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر برنارڈو لیسا ہورٹا کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق آپ کو معاشرے کے مختلف طبقات میں ماوٴں کے دودھ پلانے کے رجحان کے بارے میں بھی دلچسپ حقائق پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے واضح ہوا ہے کہ جہاں متوسط اور غریب طبقوں میں یہ چلن عام ہے وہیں تعلیم یافتہ اور امیر طبقے کی مائیں اپنے بچوں کو اکثر دودھ نہیں پلانا چاہتیں تاہم معاشرتی طبقے سے قطع نظر زیادہ تر بچوں کو کچھ نہ کچھ عرصے کیلئے ماں کا دودھ پینے کو ملا اور یہ مدت دو سے تین ہفتوں سے ایک برس تک تھی تحقیق کے مطابق وہ بچے جنھوں نے زیادہ دن تک ماں کا دودھ پیا وہ بڑے ہو کر ذہانت کے امتحان میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دئیے ایسے افراد کے زیادہ تعلیم اور بہتر تنخواہ حاصل کرنے کے امکانات بھی زیادہ تھے۔

ڈاکٹر ہورٹا کے مطابق ماں کے دودھ میں موجود فیٹی ایسڈزذہن کی نشوونما کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور یہ ممکنہ طور پر بچوں کی ذہانت کی وجہ ہے۔تاہم ماہرین کے مطابق تحقیق کے نتائج اس خیال کی مکمل تصدیق نہیں کرتے اور ذہانت اور ماں کا دودھ پینے کے درمیان کسی تعلق کو ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔