میٹروبس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں چوتھی دفعہ توسیع کا امکان

بدھ 18 مارچ 2015 13:03

میٹروبس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں چوتھی دفعہ توسیع کا امکان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) میٹروبس منصوبے کے راولپنڈی فیز کا 30 فیصد کام اور اسلام آباد کا 20 فیصد کام مکمل نہ ہونے کے باعث چوتھی دفعہ منصوبے کی تاریخ میں توسیع کا امکان ہے یوم آزادی کے موقع پر اربوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے منصوبے کا افتتاح متوقع ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سولہ ماہ قبل شروع ہونے والے جڑواں شہروں کے میٹروبس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں ایک مرتبہ پھر توسیع کا امکان ہے ۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مذکورہ منصوبے کو دس ماہ میں مکمل کرنے کے احکامات دیئے گئے تھے تاہم پانچ ارب سے زائد اضافی لاگت سے مکمل ہونے کے قریب اس منصوبے کی تین دفعہ افتتاح کی تیاریاں کی گئیں تاہم ایک مرتبہ پھر یہ تیاریاں 14 اگست تک موخر کر دی گئیں ہیں کیونکہ میٹروبس منصوبے کی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی فیز کا تاحال تیس فیصد کام رہ گیا ہے جبکہ اسی طرح اسلام آباد فیز کا بھی بیس فیصد کام بقایا ہے ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق مذکورہ بقیہ رہ جانے والا کام بھی ٹیکنیکل نوعیت کا ہے جس کے باعث وقت زیادہ درکار ہو گا جبکہ دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے میٹروبس منصوبے میں دوگنا وقت لگنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے جو کہ تاخیر کے ذمہ داران کا تعین کرے گی میٹروبس منصوبے کی تکمیل میں اہم ترین مسئلہ انتظامی نوعیت کا ہے کہ جس میں میٹروبس منصوبے کو تکمیل کے بعد چلانے کے لئے سبسڈی کی رقم کی ادائیگی کے حوالے سے ہے کیونکہ سی ڈی اے نے روزانہ 22 لاکھ روپے کی رقم میٹروبس منصوبے کی سبسڈی کے لئے دینے سے یکسر انکار کر دیا ہے ۔