ریاست لوگوں کے جان ومال اور آبرو کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ‘ محمد جمیل

بدھ 18 مارچ 2015 16:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء ) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ ریاست لوگوں کے جان ومال اور آبرو کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور دہشت گردی کے پے درپے واقعات سے پوری قوم شدیداضطراب میں مبتلا ہے۔ ایک بیان بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی پر قابوپانے میں قاصر نظر آرہی ہے اورنیشنل ایکشن پلان کی حیثیت محض ایک دستاویز سے زیادہ نہیں،لاوٴڈ سپیکر ایکٹ کے تحت مولویوں کیخلاف مقدمات سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے حکمرانوں کو زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے اورکالعدم جماعتوں کیخلاف آئین اور قانون کے تحت کاروائی عمل میں لانا ہوگی،آرمی پبلک سکول سے لیکر یوحناآباد حملوں میں دہشت گردوں کو مکمل معاونت فراہم کی گئی ،جب تک دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا دہشت گرد حملے جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج ملک میں اہل سنت ،اہل تشیع ، سیاسی رہنما، اقلیتیں اور عام شہری سبھی دہشت گردی کا شکار ہیں انہیں کون تحفظ دیگا،ریاست اگر اقلیتوں کو بھی تحفظ فراہم نہیں کرسکتی تو اسے ناکام ہی کہا جائیگا،سانحہ یوحنا آباد کے بعد پولیس کی موجودگی میں دہشت گردوں کاساتھی ہونے کے شبہ میں دونوجوانوں کو زندہ جلانے کا دلخراش واقعہ ریاست کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے۔انہو ں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ بھڑک بازی کی بجائے سانحہ ماڈل ٹاوٴن کے نامز دملزموں کی گرفتاری کا بھی حکم جاری کریں۔