کرکٹ ورلڈکپ،جنوبی افریقہ سری لنکاکوپہلے کوارٹرفائنل میں شکست دیکرسیمی فائنل میں پہنچ گیا

بدھ 18 مارچ 2015 16:11

کرکٹ ورلڈکپ،جنوبی افریقہ سری لنکاکوپہلے کوارٹرفائنل میں شکست دیکرسیمی ..

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے کوارٹرفائنل میں جنوبی افریقہ سری لنکاکوشکست دیکرسیمی فائنل میں پہنچ گیا،افریقی باؤلروں کے سامنے سری لنکاکی بیٹنگ لائن ریت کی دیوارثابت ہوئی اور پوری ٹیم38ویں اوورمیں 133رنزبناکرآؤٹ ہوگئی،سنگاکارا45اورتھریمانے41رنزبناکرنمایاں رہے،جے پی ڈومینی کی ہیٹرک،عمران طاہرکوچاروکٹیں حاصل کرنے پرمیچ کابہترین کھلاڑی قراردیاگیا،جنوبی افریقہ نے134رنزکامطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر18 اوورزمیں حاصل کرلیا،کوئنٹن ڈی کاک78اورفاف ڈوپلیسی21رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔

بدھ کوکھیلے گئے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے پہلے کوارٹرفائنل میں سری لنکاکے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا افریقی باؤلرو ں نے ابتدائی لنکن بلے بازوں کوکھل کرکھیلنے کاموقع نہ دیااوردباؤمیں رکھا کائل ایبٹ اور ڈیل سٹین نے ابتدائی کامیابی دلوائی صرف چاررنزپردوکھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعدسنگاکارا اور تھریمانے نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 15 اوورز میں 65 رنز کی شراکت قائم کی۔

(جاری ہے)

تھریمانے41 رنز کی اننگز کھیل کرعمران طاہرکی گیندپرکیچ آؤٹ ہوگئے ۔سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کے بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے، جنوبی افریقی سپنرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے۔عمران طاہر نے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر نہ کھیلنے دیا تھریمانے، جیاودرھنے، پریرا اور ملنگا کی وکٹیں لے کر جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط بنا دی۔دوسرے اینڈ سے پارٹ ٹائم سپنر جے پی ڈومینی نے عمدہ بولنگ کی جس کا صلہ انھیں ہیٹ ٹرک کی شکل میں ملا جو دو اوورز میں مکمل ہوئی۔

انھوں نے اپنے آٹھویں اوور کی آخری گیند پر سری لنکن کپتان میتھیوز کو آٹ کیا اور اگلے ہی اوور کی پہلی دو گیندوں پر نوان کولاسیکرا اور اپنا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے تھرندو کوشل کو آٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ٹورنامنٹ میں لگاتار چار سنچریاں بنانے والے سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز کمارا سنگاکارا نے اس میچ میں انتہائی سست روی سے بلے بازی کی اور 95 گیندوں میں 45 رنز بنا کر مورکل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

لنکن بلے بازوں میں سے آٹھ کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سری لنکا کی پوری ٹیم 38ویں اوورز میں 133 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومینی نے ہیٹ ٹرک کی ، عمران طاہر نے بھی چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سٹین،ایبٹ اورمورنی مورکل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔134 رنز کاہدف جنوبی افریقہ نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر18اوورزمیں پوراکرلیا۔

ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز شروع کی اور ٹیم کو 40 رنز کا آغاز دیااس شراکت کو ملنگا نے آملہ کو آؤٹ کر کے توڑا جو 16 رنز بنا سکے۔ کوئنٹن ڈی کاک نے57گیندوں پر12چوکوں کی مدد سے78رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی ،فاف ڈوپلیسی21رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔دونوں کے درمیان دوسری وکٹ میں94رنزکی ناقابل شکست شراکت داری بھی ہوئی۔سری لنکا کی طرف سے واحد وکٹ ملنگانے حاصل کی۔عمران طاہرکومیچ کابہترین کھلاڑی قراردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :