ہمارے بولرز آسٹریلیا کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دینگے، وقار یونس

بدھ 18 مارچ 2015 16:11

ہمارے بولرز آسٹریلیا کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دینگے، وقار یونس

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ آسٹریلیاکے خلاف بھرپورطاقت کامظاہرہ کرکے میچ جیتیں گے،پہلے بھی کئی مرتبہ آسٹریلیا کو شکست دے چکے ہیں، محمد عرفان کا اہم موقع پر ان فٹ ہونا بد قسمتی ہے تاہم سہیل خان ایک سمجھدار باؤلر ہے اسے بخوبی اندازہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ اور خاص طور پر ورلڈ کپ میں کس طرح باؤلنگ کرنی ہے، وہاب ریاض سینئر باؤلر ہونے کی ذمہ داری لیتے ہیں جو مثبت بات ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایڈیلیڈ اوول کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے روز کے پریکٹس سیشن کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وقار یونس نے کہاکہ محمد عرفان کا سٹریس فریکچر ٹھیک ہونے میں لمبا ٹائم لے سکتا ہے، ان کا انجرڈ ہونا بڑا نقصان ہے۔

(جاری ہے)

مجھے اپنے فاسٹ باؤلرز پر اب بھی یقین ہے کہ وہ آسٹریلیا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اس میچ میں اپنی پوری طاقت کا مظاہرہ کریں یہ ایک بڑا میچ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اب بہتر سے بہتر کرنا ہے ،تمام کھلاڑی اس بات سے باخبر ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم جارحانہ کھیل پیش کرتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی تمام وکٹوں کا اگر موازانہ کیا جائے تو ایڈیلیڈ کی وکٹ بیٹسمینوں کو مدد دیتی ہے یہاں بڑے رنز بن چکے ہیں۔ یونس خان ایک سینئر کھلاڑی ہے جس نے پاکستان ٹیم کے لیے کافی خدمات انجام دے رکھی ہیں ان کی جگہ حارث سہیل کو شامل کیا گیا تھا جنہوں نے اپنی سلیکشن کو ثابت کیا ہے۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض ہمارے باؤلنگ کا ستون ہے جو 150 کلو میٹر کی رفتار سے باؤلنگ کر رہا ہے جو کسی بھی ٹیم کی بیٹنگ کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ یاسر شاہ کو آئرلینڈ کے خلاف ٹیم نے باہر رکھنے کا فیصلہ کافی مشکل تھا۔ یاسر شاہ کی فارم اور فٹنس کا بریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، ہمارے فاسٹ باؤلر ابھی تک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں ان پر عدم اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ ماضی میں آسٹریلیا کی ٹیم کو کافی مرتبہ شکست دے چکے ہیں ان تمام میچز کے اچھے پوائنٹس کو لیکر ورلڈ کپ کے اہم میچ میں کامیابی کے لیے استعمال کرینگے۔ صہیب مقصود اور عمر میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ان پر ضرور پریشر ہوگا آنے والے میچز میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے امید ہے آسٹریلیا کے خلاف دونوں کھلاڑی اچھا پرفارم کرینگے۔

ہمارے باؤلرز نے پچھلے میچز میں جس طرح کی کارکردگی دکھائی ہے آسٹریلیا کے بلے بازوں کو ٹف ٹائم دینگے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹاس پر کسی کا کوئی زور نہیں اگر بیٹنگ پہلے آئی تو اچھا سکور کرینگے ۔یونس خان کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ یونس پاکستان ٹیم کا سینئر کھلاڑی ہے بدقسمتی وہ بھی رنز نہیں کر پا رہا، وہ فارم بحال کرنے کی خود بھی کوشش کر رہا ہے ورلڈ کپ میں انہیں پورا موقع دیا ہے۔ بدقسمتی سے وہ رنز نہیں کر سکے تاہم وہ پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :