سانحہ یوحنا آباد قوم کو تقسیم کرنے اور آپس میں لڑانے کی سازش ہے،طاہر خلیل سندھو

بدھ 18 مارچ 2015 17:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور وانسانی حقوق طاہر خلیل سندھو نے کہا ہے دو افراد کو زندہ جلانے والے رضاکارانہ طور پر اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردیں ورنہ وہ قانون سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، انہوں نے مسیحی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ سے گریز کریں، پہلے ہی دنیا بھر میں غلط پیغام گیا ہے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں این جی اوز کے زیراہتمام سیمینار کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے اقلیتوں کے ساتھ ملاقات کی ہے اور اہم اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں سزا دلانے کی سختی سے ہدایات کی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوحنا آباد میں بین المذاہب تصادم نہیں بلکہ دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے اور دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں، دشمن اقلیت یا اکثریت نہیں دیکھتا، طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد قوم کو تقسیم کرنے اور آپس میں لڑانے کی سازش کی لیکن وہ ہر مرتبہ ناکام ہو ا ہے، انہوں نے کہا کہ یوحنا آباد میں این جی اوز کا ایک وسیع نیٹ ورک موجود ضرور ہے، جے ٹی آئی اس پر شواہد اور رپورٹس مرتب کررہی ہے ، بہت جلد اصل حقائق تک پہنچ جائیں گے، صوبائی وزیر پنجاب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تین دن کا وقت دیا ہے، تمام ادارے اپنی رپورٹس دیں گے اور تمام ملزمان کو بلاامتیاز قرار واقعی سزا دی جائے گی۔