وزیراعظم نے طارق عظیم کو کینیڈا میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر تعینات کردیا ، تقرر کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ،طارق عظیم آئندہ دو ہفتوں کے دوران اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے

بدھ 18 مارچ 2015 19:06

وزیراعظم نے طارق عظیم کو کینیڈا میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر تعینات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 مارچ۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے اطلاعات و نشریات کے سابق وزیر مملکت طارق عظیم کو کینیڈا میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر تعینات کردیا ہے ، ان کی تقرری کی باضابطہ منظوری دیدی گئی ہے اور وہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران کینیڈا میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت کے عہدے پر تعینات رہنے والے سابق سینیٹر طارق عظیم کو کینیڈا میں پاکستان کا نیا ہائی کمشنر تعینات کیا گیا ہے ۔ ایک سال سے کینیڈا میں ہائی کمشنر کا عہدہ خالی تھا اور دفتر خارجہ اس سے قبل نان کیریئر آفیسر کو کینیڈا میں ہائی کمشنر تعینات کرنے کی مخالفت کرتا رہا ہے تاہم وزیراعظم نواز شریف نے 20 فیصد نان کیریئر ہائی کمشنرز اور سفیر تعینات کرنے کے کوٹے کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے طارق عظیم کو اس عہدے پر تعینات کیا ہے ۔

(جاری ہے)

طارق عظیم کے بڑے بھائی شجاعت عظیم وزیراعظم کے ایوی ایشن کے مشیر کے عہدے پر کام کررہے ہیں ۔ طارق عظیم گارڈن کالج راولپنڈی کے تعلیم یافتہ ہیں اور وہ طویل عرصے تک برطانیہ میں مقیم رہے ، 2002ء میں وہ پاکستان واپس آئے اور سابق صدر پرویز مشرف نے انہیں مسلم لیگ (ق) کی طرف سے سینیٹر منتخب کروایا اور بعد ازاں انہیں اطلاعات و نشریات کا وزیر مملکت بنایا گیا ۔

اس دوران انہوں نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز سے خصوصی مراسم بنا لئے تھے اور وہ (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے بھی بہت قریب تصور کیے جاتے تھے تاہم 2008ء کے عام انتخابات کے دوران انہوں نے (ق) لیگ کو علیحدگی اختیار کرکے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیا رکرلی تھی اور وہ مسلم لیگ (ن) کے میڈیا تھنک ٹینک کے اہم رکن کے طور پر کام کرتے رہے اور 2013ء کے انتخابات کے موقع پر بھی میڈیا پر مسلم لیگ (ن) کا موقف اجاگر کرنے اور میڈیا حکمت عملی کی تیاری میں بھی اپنا اہم کردار ادا کیا تاہم ان کے بھائی شجاعت عظیم کو وزیراعظم کا مشیر کا عہدہ ملنے کے بعد ان کی حکومت میں اہم عہدے کی امید پوری نہیں ہو پارہی تھی ، 2015ء کے سینیٹ کے انتخابات کے موقع پر طارق عظیم نے سینیٹ کے ٹکٹ کیلئے بھی درخواست نہیں دی تھی کیونکہ انہیں اس بات کا یقین تھا کہ انہیں سینیٹ کا ٹکٹ نہیں ملے گا ۔

متعلقہ عنوان :