ایک بار پھر بھارت کا سامنا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں، مصباح الحق

جمعرات 19 مارچ 2015 11:16

ایک بار پھر بھارت کا سامنا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں، مصباح الحق

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایک بار پھر بھارت کا سامنا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں کیونکہ یہ اس بات کوغلط ثابت کرنے کا ایک اور موقع ہوگا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کو ہم شکست نہیں دے سکتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مثبت سوچ کے ساتھ گراوٴنڈ میں اْتریں گے اور اس بات کو غلط ثابت کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان روایتی حریف بھارت کو نہیں ہرا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھر پور حوصلے کے ساتھ میچ میں شریک ہوں گے اور انجرڈ باوٴلر محمد عرفان جو کہ اب ورلڈ کپ میں شریک نہیں، کا ٹیم کا حصہ نہ ہونے کے باوجود فتح کے لئے پْر امید ہیں۔کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کو ہرا چکی ہے، اگر آسٹریلیا کو کوارٹر فائنل میں شکست دے دی تو ایسی ٹیم کے لئے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دینا کوئی دقت کی بات نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم کے حوالے سے کپتان کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپیئن ہے اور تین ماہ سے آسٹریلیا میں اس اہم ٹورنا منٹ کی تیاریاں کر رہی ہے جس کے سبب اسے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے کا موقع ملا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کی وجہ سے بھارت ٹیم پْر اعتماد ہے اور تجربہ کار مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں بہت سے کھلاڑی خاصہ تجربہ حاصل کر چکے ہیں۔قومی کپتان کا کہنا ہے کہ لگا تار چار فتوحات نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کیا ہے اور میں اپنے آخری ورلڈ کپ کا فتح کے ساتھ اختتام کرنا چاہتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :