پاکستانی باؤلر فارم میں ہوں تو کسی بھی ٹیم کیلئے قابو کر نا آسان نہیں ‘ہسی

جمعرات 19 مارچ 2015 11:42

پاکستانی باؤلر فارم میں ہوں تو کسی بھی ٹیم کیلئے قابو کر نا آسان نہیں ..

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء)سابق آسٹریلوی بلے باز مائیکل ہسی نے کہا ہے کہ پاکستانی باؤلر فارم میں ہوں تو کسی بھی ٹیم کیلئے قابو کر نا آسان نہیں ‘ پاکستانی ٹیم کوارٹر فائنل میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ‘ سرفراز احمد نڈر کھلاڑی ہیں ‘ آسٹریلوی ٹیم کو سو فیصد کار کر دگی دکھانا ہوگی ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت پاکستان کا اؤلنگ اٹیک بہت مضبوط ہے، راحت علی، وہاب ریاض اور سہیل خان اچھی باؤلنگ کر رہے ہیں اور وہ کوارٹر فائنل میں کینگروز بلے بازوں کیلئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں اسلئے آسٹریلیا کو ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار رہنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وہاب اچھے باؤلر ہیں اور 2011 ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے اپنی پرفارمنس کو بہت بہتر کیا ہے، اس وقت وہ بہترین پیس اور سوئنگ گیندیں کراتے ہیں اسلئے کینگروز بلے بازوں کو انہیں محتاط انداز میں کھیلنا ہو گا۔ انہوں نے پاکستانی وکٹ کیپر سرفراز احمد کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نڈر پلیئر ہیں اور وہ پروٹیز اور آئرلینڈ کے خلاف میچ میں اپنی طاقت کو منوا چکے ہیں بلاشبہ ہماری ٹیم بھی متوازن ہے اور وہ پاکستان کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم اس کیلئے کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔