ضلع لاہور میں زیر تکمیل مختلف چھوٹے ہسپتالوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور میں زیر تعمیر متعدد چھوٹے ہسپتالوں کی تکمیل سے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کام کا لوڈکم ہوگا عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 19 مارچ 2015 14:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے،لاہور کے مختلف علاقوں میں زیر تکمیل متعدد چھوٹے ہسپتال فنکشنل ہونے سے ٹرشری (ٹیچنگ) ہسپتالوں میں ورک لوڈ کم ہوگا اور عوام کو ان کے اپنے علاقے میں بروقت طبی سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ محکمہ صحت کے کمیٹی روم میں ضلع لاہور میں زیر تعمیر ہسپتالوں کے منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ڈویلپمنٹ) محمود حسن، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سعید، محکمہ مواصلات و تعمیرات ، محکمہ خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ میاں میر کے علاقے میں130بستروں پر مشتمل ہسپتال کی عمارت مکمل ہوچکی ہے جبکہ سٹاف کی بھرتی کے لیے SNEتیار کر کے محکمہ خزانہ کو بھجوائی جاچکی ہے مزید برآں ہسپتال کے لیے طبی آلات کی خریداری کا پراسس بھی شروع ہوچکاہے اور فنانشل بڈبھی کھل چکی ہے جبکہ ایکسٹرنل ڈویلپمنٹ کاکام جاری ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے باقی رہ جانے والی چھوٹے چھوٹے کام جلد مکمل کرائے جائیں اور ہسپتال کے لیے سوئی گیس کا کنکشن اور دیگر ضروریات کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کے سینئر افسران سے رابطہ کیا جائے۔

اجلاس میں غازی آباد عزیز بھٹی ٹاؤن میں20بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر کے کام کا بھی جائزہ لیا گیاہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ غازی آباد ہسپتال کی عمارت بھی مکمل ہوچکی ہے اورسٹاف کی بھرتی کے لیے SNEکی بھی منظوری ہوگئی ہے جبکہ طبی آلات کی خریداری کے لیے پر وکیورمنٹ پراسس شروع کردیا گیاہے اور فنانشل بڈ اوپن ہوگئی ہے۔ اسی طرح لاہور کے سرحدی علاقے لدھڑمیں تحصیل ہیڈکوارٹر کی سطح کا 60بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم کیاجارہاہے جس کے لیے عمارت کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور ہسپتال کی عمارت کے بیرونی ترقیاتی کام جاری ہے اور سٹاف کی بھرتی کے لیے SNEتیار کر کے حکومت کو ارسال کردی گئی ہے اس منصوبے پر اب تک 121.575ملین خرچ ہوچکے ہیں۔

علاوہ ازیں سبزہ زار کے علاقے میں بھی 60بستروں کا ہسپتال زیر تعمیر ہے اور اب تک اس منصو بے پر 194.123ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں۔ رائیونڈ کے علاقے میں بھی 60بستروں پر مشتمل ہسپتال زیر تعمیر ہے جس پر اب تک 156.872ملین روپے کے فنڈز خرچ ہوچکے ہیں، ہسپتال کی عمارت کا سٹرکچر مکمل ہوچکاہے جبکہ مزید150ملین روپے کے فنڈز حکومت پنجاب نے ریلیز کردئیے ہیں۔

لاہور کے گنجان آباد علاقے سمن آباد میں25بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کیا جارہاہے جس کی بلڈنگ تکمیل کے آخر مراحل ہیں ہے اس منصوبے پرچ 75.879 ملین روپے خرچ آیاہے جبکہ مزید 80ملین روپے کے فنڈز جارہے ہوگئے ہیں ہسپتال میں طبی آلات کی خریداری کے لیے پراسس شروع کردیا گیاہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ یہ تمام منصوبے صوبائی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مذکورہ ہسپتالوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس سلسلہ میں خطوط لکھنے پر اکتفادہ کرنے کے بجائے پر وایکٹو آپروچکے ساتھ کام کو مکمل کرانے کے لیے ذاتی دلچسپی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس، بجلی کے کنکشن اور دیگر امور کو جلد از جلد نمٹا یا جائے ، مشیر صحت نے ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ و ہ لاہور کے مختلف علاقوں میں زیر تعمیر ہسپتالوں کے منصوبوں کو مکمل کرانے کے لیے خود مانیٹرنگ کریں تاکہ تمام کام بروقت مکمل ہوسکے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ لاہور میں چھوٹے ہسپتالوں کی تکمیل سے 40کلو میٹر پر محیط شہر کے لوگوں کو ان کے نزدیکی علاقے میں طبی سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں مریض کو لے کر بڑے ہسپتالوں کی طرف بھاگنا نہیں پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :