لڑکے کی موجودہ اور سابقہ محبوبہ ، محبت آزمانے دریا میں کود گئیں

جمعرات 19 مارچ 2015 14:24

لڑکے کی موجودہ اور سابقہ محبوبہ ، محبت آزمانے دریا میں کود گئیں

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ2015ء)ایک شخص نے خود کو بڑی بُری صورتحال میں پایا جب اس کی موجودہ اور سابقہ گرل فرینڈ ز صرف یہ دیکھنے کے لیے دریا میں کود گئیں کہ آدمی کسے بچانے آتا ہے۔ 21 سالہ وو ہاسیا نے اپنی 20 سالہ گرل فرینڈ جون ٹانگ کے ساتھ تعلق ختم کر لیا۔ اس کی وجہ وو ہاسیا کی نئی گرل فرینڈ 22 سالہ رونگ ساؤ تھی۔ پرانی گرل فرینڈ نے ووہاسیا کو کہا کہ اس کی ملاقات نئی گرل فرینڈ سے کرائے تاکہ وہ اپنی محبت واپس مانگ سکے۔

ووہاسیا نے دونوں کی ملاقات کرا دی۔ ملاقات میں دونوں ہی ایک دوسرے سے بحث کرنے لگیں۔ یہ ملاقات مشرقی چین کے صوبے ژیجیانگ کے پرفضا مقام پر ہو رہی تھی۔ تھوڑی دیر میں صورتحال بد سے بدتر ہو گئی۔ سابقہ گرل فرینڈ نے نئی گرل فرینڈ کی کسی بات سے اپنی بے عزتی محسوس کی تو یہ کہتے ہوئے دریا میں کود گئی کہ دیکھو یہ مجھے ابھی بچانے آئے گا۔

(جاری ہے)

دریا میں کودکر سابقہ گرل فرینڈ لڑکے کو مدد کے لیے پکارنے لگی۔

یہ دیکھ کر نئی گرل فرینڈ نے بھی دریا میں چھلانگ لگا دی اور مدد کے پکارنے لگی۔ وو ہاسیا نے دریا میں چھلانگ لگائی اور نئی گرل فرینڈ کو بچا کر کنارے لے آیا۔ گرل فرینڈ زخمی ہو گئی تھی اس لیے وہ اسے لے کر ہسپتال جانے لگا۔ جاتےہوئے اس نے اپنے بھائی کو فون کیا کہ آ کر پرانی گرل فرینڈ کوبچائے۔ بھائی نے خود آنے سے پہلےفائر برگیڈ کو فون کر دیا۔

ریسکو اہلکاروں نے آکر پرانی گرل فرینڈ کو نکالا اور ہسپتال پہنچایا تاہم زیادہ زخمی نہ ہونے کی وجہ سے اسے جلد چھٹی دے دی گئی۔ یہ سٹوری وائرل ہو کر سرعت سے چین میں پھیل گئی۔اس کی وجہ چین میں عورتوں کا کال ہے ۔ چین میں ایک جوڑا ایک بچے کی پیدائش کی پالیسی کی وجہ سے عورتوں کی شدید کمی ہے۔ وہاں لڑکیوں کی بجائے لڑکوں کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بڑھاپے میں بیٹی تو شادی ہو کر چلی جاتی ہے جبکہ بیٹا ساتھ رہتا ہے۔ اس سوچ سے وہاں عورتوں کی کمی ہو گئی ہے۔