کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے ،مصباح الحق

جمعرات 19 مارچ 2015 14:28

کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے ،مصباح الحق

ایڈیلیڈ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ آسٹریلیا یقینا کوارٹر فائنل کے لیے فیورٹ ہے لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ فیورٹ ہی ہمیشہ جیتیں، یہ میچ کے دن پر منحصر ہوتا ہے کہ کونسی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے،اگر پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیدی تو یہ پاکستانی کرکٹ کے نقطہ نظر سے بہت بڑی کامیابی ہوگی،پاکستانی بولنگ اٹیک آسٹریلوی بیٹسمینوں پر اپنا تاثر قائم کرے گا اور بیٹسمین بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، فاسٹ باولرز محمد عرفان کے ان فٹ ہونے کا افسوس ہے لیکن ان کے باوجود ہمارے پاس اچھے فاسٹ باولرز موجود ہیں جو آسٹریلیا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تمام کھلاڑیوں کو اس بات سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ پریشر لیے بغیر اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارقومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ایڈیلیڈاوول میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ مصباح الحق نے کہاکہ یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے بغیر کسی پریشر کے میدان میں اترا جائے گا ایک ہی توجہ ہوگی کہ اچھا سے اچھا پرفارم کیا جائے۔ آسٹریلیا کے خلاف ناک آوٹ مرحلہ کے لیے ہمارا حتمی سکواڈ کیا ہوگا اس بات کا فیصلہ وکٹ میچ سے قبل وکٹ دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔

ہمیں جیت کے لیے اچھی سے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انھیں اس بات کا اطمینان ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو سکا ۔انہوں نے پاکستانی کرکٹ کی خدمت کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کو بھی ان کا یہی مشورہ ہے کہ غیر ضروری دباوٴ میں آنے کی بجائے پرسکون ہو کر میدان میں داخل ہوں اور سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں۔مصباح الحق نے کہا کہ ایڈیلیڈ کی وکٹ سپنر کے لیے کبھی بھی مددگار نہیں رہی ہے اور موجودہ وکٹ پر بھی گھاس ہے لہٰذا فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یاسر شاہ کو کوارٹر فائنل کھلایا جا سکتا ہے۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یونس خان کو باہر کرنے کا فیصلہ بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ وہ ایک سینئر کھلاڑی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف امارات میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا تھوڑا بہت ایڈوانٹیج ضرور ہوگا کھلاڑی پر اعتماد میدان میں اتریں گے۔ ہر روز نیا ہوتا ہے جس دن جو ٹیم بھی اچھا کھیلے گی جیت اس کا مقدر بنے گی۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ہم میچ میں فیورٹ ہیں۔ دونوں ٹیموں میں اچھے فاسٹ باولرز کے ساتھ بلے باز موجود ہیں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ مصباح الحق جس طرح ہر میچ میں رنز کر رہا ہے اسے آوٹ کرنا ہمارے لیے چیلنج ہوگا۔ آسٹریلوی کپتاگن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پیس اٹیک نے جس طرح کی باولنگ کی ہے اسے کھیلنا آسان نہیں ہے۔

پاکستان ٹیم جس مشکل وقت سے گزری ہیں اس نے کم بیک کیا ہے۔ ہمیں اس کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ورلڈ ک میں اپنی اب تک کی کارکردگی سے مطمیئن ہوں، آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے ناک آوٹ مرحلے کے میچ میں بھی اپنی صلاحیتں پیش کرنے کی کوشش کرونگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم کا ایک دن ہوتا ہے جس دن وہ پرفارم کر رہی ہو تو کسی بھی حریف ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کے ذہن میں کیا ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہ سکتا تاہم ہمارے تمام کھلاڑیوں کے لیے پرفارم کرنا ضروری ہے۔ آسٹریلوی ٹیم میں جارحانہ انداز اپنانے والے کھلاڑی اگر موجود ہیں تو ہمارے سکواڈ میں بھی اسے کھلاڑی موجود ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیم کے سینئر کھلاڑی پرفارم کر رہے ہوں تو جونیئر کھلاڑیوں پر کوئی پریشر نہیں ہوتا جب سینئر نہیں ہونگے تو خود بخود ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا شروع کر دینگے۔

متعلقہ عنوان :