رواں سال ملک کے تمام اضلاع میں مفت ایمبولینس سروس کا اجراء کر دیا جائیگا‘ چیئرمین فلاح انسانیت فاؤنڈیشن

جمعرات 19 مارچ 2015 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء)فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبد الرؤف نے کہا ہے کہ رواں سال ملک کے تمام اضلاع میں مفت ایمبولینس سروس کا اجراء کر دیا جائے گا،فلاح انسانیت ایمبولینس سروس کی تعداد تین سو ہو جائے گی ،چوکوں ، چوراہوں اور تمام بڑی شاہراہوں پر ایمرجنسی و ریسکیو سنٹرز بنا رہے ہیں جہاں چوبیس گھنٹے مفت ایمبولینس سروس میسر ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں ایمبولینس ڈرایئورز کے لئے منعقدہ دو روزہ تربیتی و تنظیمی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کے دوران کیا ۔ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے 21شہروں سے فلاح انسانیت ایمبولینس سروس کے ڈرائیورز نے شرکت کی جس میں ڈرائیورز کے پیشہ وارانہ امور میں مزید بہتری کے لئے انسٹرکٹرز نے ملٹی میڈیاپروجیکٹر کے ذریعے تکنیکی لیکچرز دیئے اور عملی مشقیں بھی کروائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حافظ عبد الرؤف سمیت مفتی محمد ادریس ،ابوبکرمدنی ،محمد یوسف ،عبداللہ شمس نے بھی خطاب کیا ۔حافظ عبد الرؤف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت ملک کے 122شہروں میں فلاح انسانیت ایمبولینس سروس اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے ،ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعے گزشتہ سال 70ہزار لوگوں کو یہ سروس مہیا کی گئی۔سال2014ء میں آنے والی قدرتی آفات اور بڑے بڑے سانحات میں ایف آئی ایف ایمبولینس سروس کا کردار مثالی رہا ہے ۔ انہوں نے ڈرائیورز کو کہا کہ وہ اپنی عبادات کو بہت زیادہ بہتر بنائیں‘مریضوں کی خدمت بھی عبادت سمجھ کر کریں اور مریضوں کو سہولیات پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں۔