فیورٹ ہمیشہ نہیں جیتا کرتے، مصباح الحق

جمعرات 19 مارچ 2015 22:00

فیورٹ ہمیشہ نہیں جیتا کرتے، مصباح الحق

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پرعزم پاکستانی کپتان مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کو اپنے کیریئر کا آخری ایک روزہ انٹرنیشنل میچ ماننے سے انکار کردیا ہے۔ مصباح نے کہا کہ یقیناً یہ ورلڈ کپ اور میرا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا۔ 40 سالہ پاکستانی کپتان ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں اور اسی طرح اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں آگے جانا چاہتے ہیں اور کل کا میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے، یہی میری خواہش اور خواب ہے، بہترین کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ مصباح نے کہا کہ میں دباؤ کا شکار نہیں، سیدھی سی بات ہے کہ میں اس میچ کو ایک عام میچ کی طرح لوں گا، میں اور شاہد آفریدی بے تکی باتیں سوچ کر خود پر دباؤ نہیں لیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو نتیجہ چاہے جو بھی لیکن میں نے اپنی کیریئر میں جو کچھ بھی حاصل کیا اس پر بہت مطمئن ہوں۔ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے مصباح نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ اطمینان یہ ہے کہ ہم نے اہنا سب کچھ ٹیم کو دیا، ٹیم اور ملک کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کیں اور یہی چیز ہمیں زیادہ اطمینان بخشتی ہے۔ مصباح الحق اب تک 161 ایک روزہ میچوں میں پانچ ہزار 88 رنز رنز اسکور کر چکے ہیں لیکن وہ اب تک سنچری اسکور نہیں کر سکے۔

مصباح نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے پاس ایسا ٹیلنٹ موجود ہے جو میری ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پاکستان کو فتوحات دلا سکتا ہے۔ ’عمر اکمل، صہیب مقصود اور احمد شہزاد جیسے کھلاڑی پاکستان کرکٹ کو آگے لے کر جائیںگے مجھے یقین ہے کہ ان میں یہ صلاحیت موجود ہے۔ ’عام طور پر یہ ہوتا ہے کہ جب نوجوان کھلاڑی سینئرز کے زیر سایہ کھیل رہے ہوتے ہیں تو وہ کافی ریلکس ہوتے ہیں لیکن جب سینئرز جاتے ہیں تو نوجوانوں کو ذمے داری لیتے ہوئے اس چیلنج کو تسلیم کرنا چاہیے۔

آسٹریلیا سے کوارٹر فائنل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ میچ کے لیے آسٹریلیا فیورٹ ہے لیکن فیورٹ ہمیشہ نہیں جیتا کرتے۔ ’آسٹریلیا فیورٹ ہے لیکن ایسا کوئی قانون نہیں کہ فیورٹ ہی ہمیشہ میچ جیتتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیم اس دن بہتر کھیل پیش کرتے مواقعوں سے فائدہ اٹھائے گی اور قسمت نے اس کا ساتھ دیا تو پھر وہ واقعی کسی بھی ٹیم کو شکست سے دوچار کردے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم پر امید ہیں اور مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، میرے خیال میں ہمارے پاس ایسا باؤلنگ اٹیک ہے جو دنیا کی کسی بھی بیٹنگ لائن کو قآؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کا مقصد ورلڈ کپ جیتنا ہو تو آپ کو اپنی راہ میں آںے ولی تمام ٹیموں کو شکست دینا ہوتی ہے۔ مصباح نے کہا کہ آسٹریلیا جارحانہ کرکٹ کھیلتی ہے اور ان کے خلاف میدان مارنے کے لیے ہمیں بھی جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ انہوں نے فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی انجری کو دھچکا قرار دیا لیکن ساتھ ساتھ کہا کہ ہمارے پاس ایسے فاسٹ باؤلرز موجود ہیں جو آسٹریلیا کو دباؤ میں لے سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :