ٹارگٹڈ آپریشن سے صورتحال بہتر ہوئی،غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا کوئی جواز نہیں، نواز شریف،

کسی جماعت کے خلاف ذاتی عناد پر کارروائی نہیں کررہے،دہشت گردوں کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں،گزشتہ عشروں کی خرابیوں کو جلد دور کریں گے ،فیصل آباد کے ارکان اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 19 مارچ 2015 23:38

ٹارگٹڈ آپریشن سے صورتحال بہتر ہوئی،غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا کوئی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی جماعت کے خلاف ذاتی عناد پر کارروائی نہیں کررہے ،کراچی آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا ہے،ٹارگٹڈ آپریشن سے صورت حال میں بہتری آئی ہے ،کسی کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا کوئی جواز نہیں،جرائم پیشہ ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے شروع کیا گیا ہے ،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سب کے مفاد میں ہے ، ملک کے معاشی مرکز میں امن و استحکام لانا ہے ،کراچی میں آپریشن سے صورتحال میں بہتری آئی ہے ، کسی کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا کوئی جواز نہیں،سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) تمام سیاسی جماعتوں کو مکمل احترام دیا ہے،کسی بھی جماعت کے خلاف ذاتی بنیاد پر کارروائی نہیں کررہے ،پرامن اور مستحکم کراچی ہمارے مفاد میں ہے،کراچی میں بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ اور جرائم پیشہ وارداتوں میں کمی آئی ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،چین اور دیگر ممالک سے بجلی درآمد کرنے کے حوالے سے کام ہورہا ہے۔گزشتہ عشروں کی خرابیوں کو جلد دور کریں گے،آئندہ انتخابات سے قبل تمام چیلنجز پر قابو پالیں گے