باپ بیٹے کے درمیان تمام اختلافات ختم ، بلاول پیپلز پارٹی کو فعال کرنے کے لئے سرگرم کردار ادا کرنے پر تیار ہو گئے ،

اسی ہفتے دبئی کا دورہ کریں گے،چاروں صوبوں سے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، بھٹوکی برسی کے موقع پر بلاول بھٹو کی زیر قیادت پیپلزپارٹی لندن میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

جمعرات 19 مارچ 2015 23:39

باپ بیٹے کے درمیان تمام اختلافات ختم ، بلاول پیپلز پارٹی کو فعال کرنے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارٹی کو فعال کرنے کے لئے سرگرم کردار ادا کرنے پر تیار ہو گئے ہیں ۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر بلاول بھٹو کی زیر قیادت پیپلزپارٹی لندن میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان جوغلط فہمیاں تھیں وہ دور ہو گئی ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری رواں ہفتہ سے ہی پارٹی کو منظم کرنے کے لئے اپنا کردار شروع کرنے جا رہے ہیں ابتدائی طور پر بلاول بھٹو زرداری اسی ہفتے دبئی کا دورہ کریں گے جہاں پر چاروں صوبوں سے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو بلایا گیا ہے ان رہنماؤں کو بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے 4 اپریل میں ہونے والی اس تقریب میں اہم ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے پنجاب سے میاں منظور وٹو ، چودھری قمر زمان کائرہ ، ندیم افضل چن ، صفدر وڑائچ اور دیگر رہنماؤں کو 4 اپریل کو ہونے والی لندن کی تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے اہم ذمہ داریاں دی جا ری ہیں اس کے علاوہ سندھ کے ر ہنماء بھی اس تقریب کی کامیابی کے لئے اہم کردار ادا کریں گے ۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بلاول بھٹو زرداری سیاسی اختلافات کے باعث تقریباً پارٹی امور سے کنارہ کش ہو گئے تھے اور انہوں نے خود کو ٹویٹ کی حد محدود کر لیا تھا لیکن اب پارٹی ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں باپ بیٹے کے درمیان تمام اختلافات ختم ہو گئے ہیں اور دونوں مل کر پارٹی کو ازسرنو منظم کرنے پر متفق ہیں۔اس کا پہلا اظہار 4 اپریل کو لندن میں ہونے والی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب میں کیا جائے گا ۔