پاکستان ہاکی ہیڈ کوچ کا اولمپکس کوالیفائی کیلئے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا عزم

جمعہ 20 مارچ 2015 14:24

پاکستان ہاکی ہیڈ کوچ کا اولمپکس کوالیفائی کیلئے جارحانہ حکمت عملی ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء ) پاکستان ہاکی کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے اگلے سال اولمپکس میں کوالی فائی کرنے کیلئے جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا عزم کیا ہے۔شہناز شیخ کا ماننا ہے کہ ان کی '11/9 ' حکمت عملی2016 ریو گیمز کے کوالی فائرز سمجھے جانے والے ہاکی ورلڈ لیگ کی سیمی فائنل میں پاکستان کی کامیابی میں مدد کرے گی۔خیال رہے کہ گزشتہ سال چیمپئن ٹرافی میں 11/9 حکمت عملی کی غلط تشریح کرتے ہوئے اسے امریکا میں پیش آنے والے سانحہ سے جوڑا جاتا رہا۔

20 جون سے 5 جولائی تک بیلجیم میں جاری رہنے والی ہاکی ورلڈ لیگ (ایچ ڈبلیو ایل) کیلئے پیر کو پاکستان ٹیم کا ایک مہینہ پر مشتمل تربیتی کیمپ یہاں نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہو چکا ہے۔شہناز نے تربیتی سیشن کے دوران بتایا کہ 11/9 حکمت عملی کے تحت ٹیم نو کھلاڑیوں کے ساتھ اٹیک جبکہ تمام 11 پلیئرز اپنے گول کا دفاع کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہناز نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ سال دسمبر چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں انڈیا کو اس حکمت عملی کے ذریعے شکست دی تھی اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ طریقہ کامیاب رہے گا۔

انڈین میڈیا نے شہناز کی حکمت عملی کو سانحہ11/9 سے جوڑا تھا۔شہناز کے مطابق یہ حکمت عملی کھیل سے متعلق ہے لہذا لوگ اسے غلط معنی نہ دیں۔' میں دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہوں'۔'ہم ماضی میں ہوئی غلطیوں کو درست کرنے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور اولمپکس میں کوالی فائی کرنے کی بھرپور کوششیں کریں گے'۔ایچ ڈبلیوایل کے سیمی فائنلز مقابلوں میں پاکستان کے ساتھ پول'اے' میں آسٹریلیا، انڈیا، فرانس اور آسٹریا شامل ہیں۔

گزشتہ سال ایشین گیمز جیتنے کی وجہ سے انڈیا پہلے ہی اولمپکس کیلئے کوالی فائی کر چکی ہے۔پاکستان کو ریو میں جگہ پانے کیلئے ایچ ڈبلیو ایل سیمی فائنل میں ٹاپ تین ٹیموں میں آنا ہو گا۔بیونس آئرس میں منعقدہ ایچ ڈبلیو ایل سیمی فائنل کے دوسرے راوٴنڈ میں بھی ٹاپ تین ٹیمیں ریو میں جگہ بنا سکیں گی۔خیال رہے کہ اولمپکس میں میزبان سمیت 12 ٹیمیں ٹکرائیں گی۔

شہناز نے بتایا کہ تربیتی کیمپ کے بعد ٹیم کے انتخاب کیلئے ایک ہفتہ پر مشتمل ٹرائلز ہوں گے۔'ایچ ڈبلیو ایل سیمی فائنل میں شریک ہونے سے پہلے ہم آسٹریلیا میں چار قومی چیمپئن شپ اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے'۔'اولمپک کوالی فائنگ راوٴنڈ سے ایک مہینہ پہلے ہم مختلف یورپین ملکوں کے ساتھ چھ میچ کھیلیں گے۔ مجھے امید ہے کہ یہ میچ کھیلنے سے ہمیں اولمپک میں کوالی فائی کرنے میں مدد ملے گی

متعلقہ عنوان :