سندھ میں گورنر راج کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے‘ ممتاز بھٹو خاندانی اختلافات کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال نہ کریں،

پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل کابیان

جمعہ 20 مارچ 2015 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے،سابق وزیر اعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو خاندانی اختلافات کو اپنی سیاست چمکانے کیلئے استعمال نہ کریں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کسی بھی صوبے میں گورنر راج کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ، پنجاب میں بھی امن وامان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اورہرطرف قتل وغارت گری اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے ،حکومت کی ناکامی کے باوجود ہم پنجاب میں گورنر راج کے نفاذ کا مطالبہ نہیں کرینگے ،ممتاز بھٹو ایک ناکام اور متعصب سیاستدان ہیں جو بی ڈی ممبر بھی منتخب نہیں ہو سکتے انہیں غیر آئینی مطالبات سے گریز کرنا چاہئیے،جمہوریت پر یقین رکھنے والا کوئی بھی سیاستدان گورنر راج کا مطالبہ نہیں کرسکتا ،انہوں نے کہاوفاقی حکومت بھی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اورگزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران عام آدمی کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں مل سکا،دہشت گردی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بے روزگاری،لاقانونیت،میگا کرپشن اور مہنگائی نے لوگوں کا سکھ چین لوٹ لیا ہے اورحکمران سب اچھا کی بانسری بجار ہے ہیں،ریاست عوام کے جان ومال اور آبرو کے تحفظ میں ناکام ہوجائے تو حکمرانوں کو اصولی طور پر گھر چلے جانا چاہئیے مگر ہمارے حکمران اتنے ڈھیٹ ہیں کہ عوامی مطالبات ایک کان سے سن کردوسرے کان سے باہر نکال دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :