تئیس مارچ پریڈ ریہرسل آج، سیکیورٹی الرٹ، 25 مشتبہ گرفتار، موبائل سروس بند

ہفتہ 21 مارچ 2015 11:09

تئیس مارچ پریڈ ریہرسل آج، سیکیورٹی الرٹ، 25 مشتبہ گرفتار، موبائل سروس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ2015ء) اسلام آباد میں تئیس مارچ کی پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل آج ہو گی ، پریڈ کو محفوظ بنانے کیلئے سیکورٹی فورسز نے آپریشن تیز کر دیا ، کئی شہروں سے متعدد مشتبہ افراد گرفتار ، پریڈ ایونیو کے قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس صبح چھ بجے سے بند ہے۔ سیکورٹی فورسز نے 23 مارچ کی پریڈ ناکام بنانے کیلئے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے ۔

مختلف شہروں میں پولیس اور رینجرز ہائی الرٹ ہیں جبکہ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کر کے جیل روڈ ، منو جان روڈ ، سبزل روڈ پر کارروائی کر کے 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔ لاہور میں بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد گرفتار کئے گئے ادھر راولپنڈی میں سیکورٹی اداروں نے ہوٹلوں کو خالی کرانا شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکام نے ہوٹل مالکان کو 3 روز تک کسی مسافر کو ہوٹل میں نہ ٹھہرانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں ۔ دوسری طرف پریڈ ایونیو آنے والی تمام اہم شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں ۔ راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والی مصروف ترین شاہراہ مری روڈ کو شمس آباد کے مقام پر ناکہ لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ ایکسپریس وے پر ایئرپورٹ چوک، کھنہ پل اور شکرال کے مقام پر ناکے لگا کر ٹریفک متبادل راستوں کے ذریعے بحال رکھی گئی ہے ۔

آئی جے پی روڈ کو ڈبل روڈ کے مقام پر بند کر کے ٹریفک کا رخ پشاور موڑ کشمیر ہائی وے کی طرف موڑا جا رہا ہے ۔ پریڈ ایونیو کے قریبی علاقوں آئی ایٹ، آئی نائن ، فیض آباد ، مارگلہ ٹاؤن، راول ٹاؤن، سوہان، زیروپوائنٹ، جی سکس، جی سیون سمیت دیگر رہائشی علاقوں میں موبائل فون سروس صبح چھ بجے سے بند ہے ۔ راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے ، مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پولیس اور پاک فوج کے جوان تعینات ہیں۔

متعلقہ عنوان :