دیپکا ڈپریشن کا شکار لوگوں کی مدد کریں گی

ہفتہ 21 مارچ 2015 12:37

دیپکا ڈپریشن کا شکار لوگوں کی مدد کریں گی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء)بالی وڈ کی کامیاب اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے گذشتہ سال میڈیا کو اپنے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کی بات بتا کر سب کو حیران کر دیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اب وہ اس بیماری سے دوچار لوگوں کی مدد کرنا چاہتی ہیں۔دیپکا ’لیو، لاف، لو فاوٴنڈیشن‘ نامی ادارہ کھول رہی ہیں جس کا افتتاح 21 مارچ کو ہو گا۔

گذشتہ سال اسی تاریخ کو دیپکا نے اپنے ڈپریشن کے علاج کیلئے پیشہ ورانہ مدد لی تھی۔فی الحال اس ادارے کے قیام کیلئے کئی ڈاکٹروں اور ماہرین نفسیات کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔دیپکا کے خیال میں ذہنی صحت کے بارے میں بھارت میں آگہی کی کمی اور اس ادارے کے ذریعے وہ ہر ایسے انسان کی مدد کرنا چاہتی ہیں جو ڈپریشن کا شکار ہے۔بالی وڈ کی تاریخ میں دیپکا کے علاوہ کئی دیگر بڑے فنکار بھی ڈپریشن کے شکار ہوئے جن میں مینا کماری، پروین بابی اور گرودت جیسے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دیپکا نے رواں برس ایک مضمون میں اپنے ڈپریشن میں مبتلا رہنے سے پردہ اٹھایا تھا۔انھوں نے لکھا تھا کہ میرے لیے کام پر توجہ دینا مشکل ہو رہا تھا، اور میں اکثر رونے لگتی تھی۔ پھر ایک دن اپنی ماں سے بات کرتے ہوئے میں رونے لگی اور انھوں نے مسئلے کو سمجھتے ہوئے ایک ماہر نفسیات سے رابطہ کیا جو ان کی دوست بھی تھیں۔