آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ، نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا کرسیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ہفتہ 21 مارچ 2015 15:10

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ، نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا کرسیمی ..

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا،کالی آندھی نہ چل سکی ،کیویزنے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز بنائے،مارٹن گپٹل 152 گیندوں میں 21 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے پہلے کیوی بلے باز بن گئے،راس ٹیلر 42 رنز کے ساتھ نمایاں، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 3 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں،ویسٹ انڈیز کی ٹیم تنکے کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 31ویں اوور میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کرس گیل نے 2 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی، جیسن ہولڈر 42 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے 4 ، ٹم ساوٴتھی اورڈینئل ویٹوری نے 2،2کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا،بہترین بلے بازی پر مارٹن گپٹل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری کوارٹر فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کیریبئن بولروں کی خوب دھلائی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز بنائے، مارٹن گپٹل نے ویسٹ انڈین بولروں کو ناکوں تلے چنے چبوا دیئے اور 152 گیندوں میں 21 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے کیوی بلے باز بن گئے، انہوں نے تباہ کن اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 237 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

مارٹن گپٹل کے بعد راس ٹیلر 42 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں کیوی بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان برینڈن میک کولم 12، کین ولیم سن 33، کورے اینڈرسن 15، گرانٹ ایلیٹ 27 اور لوک رونکی 9 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جب کہ ڈینئل ویٹوری 8 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آوٴٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 71 رنز دے کر 3 جب کہ آندرے رسل نے 96 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 394 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تنکے کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 31ویں اوور میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیریبئن بلے باز آغاز سے مشکلات کا شکار رہے اور 4 کے مجموعے پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرس گیل تھے جنہوں نے 2 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان جیسن ہولڈر 42 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں جانسن چارلس 3، لینڈل سمنز 12، مارلن سیمیولز 27، جوناتھن کارٹر 32، ڈیرن سیمی 27، آندرے رسل 20 اور جیروم ٹیلر 11 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، ٹم ساوٴتھی اورڈینئل ویٹوری نے 2،2 جب کہ ایڈم ملنے اورکورے اینڈرسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بلے بازی پر مارٹن گپٹل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔