سکول کوبھینسوں اور مویشیوں کے باڑے میں تبدیل کرنے بارے نجی ٹی وی نے بے بنیاد رپورٹ چلائی،

صرف فلم بنانے کے لئے مویشی لائے گئے‘ پروگرام من گھڑت اوربے بنیاد ہے‘ ترجمان کی وضاحت

ہفتہ 21 مارچ 2015 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21مارچ۔2015ء) محکمہ تعلیم پنجاب کے ترجمان نے ایک نجی ٹی وی چینل کی جانب سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چک نمبر 280گ ب تحصیل جڑانوالہ‘ ضلع فیصل آباد کے بارے میں چلائی جانے والی ایک رپورٹ کو من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے جس میں مذکورہ سکول کوگائے‘ بھینسوں کے باڑے میں تبدیل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پلاٹ سکول کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے لئے رکھا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے فنڈز بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

نئی عمارت کی تعمیر تک یہ سکول دوسری بلڈنگ میں کام کرتا رہے گا۔ طلباء عارضی عمارت میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ لہذا کمروں کی کمی اور سہولتوں کی عدم دستیابی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ سکول کی پرانی عمارت کی مکمل چاردیواری اور گیٹ موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکول کی پرانی عمارت میں گائے اور مویشی صرف فلم بنانے کے لئے لائے گئے تاکہ محکمہ تعلیم اور سکول کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم بنانے کے فوری بعد وہاں سے مویشیوں اور جانوروں کو نکال لیا گیا۔ لہذا ٹی وی پر چلایا جانے والا پروگرام حقائق پر مبنی نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :