سینئر میڈیکل آفیسرز کی 6332،مردڈ اکٹرز کی 8349 اور خواتین ڈاکٹرز کی 2350 آسامیو ں کی منظوری،

شہبازشریف کے دور میں ڈاکٹرز کی ریکارڈ ترقیاں ہوئیں ، مزید پروموشن بھی متوقع ہیں ‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 21 مارچ 2015 23:55

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21مارچ۔2015ء )وزیراعلی کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کے دور حکومت میں ڈاکٹرز کی اگلے گریڈوں میں ریکارڈ ترقیاں ہوئی ہیں اور 4 درجاتی سروس سٹرکچر کے لئے ہزاروں نئی آسامیاں پیدا کی گئی ہیں - انہو ں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے 2009ء کے بیج سمیت 450 ڈاکٹرز کی بطور سینئر رجسٹرار اور 300 ڈاکٹرز کی بطور سینئر میڈیکل آفیسر گریڈ 18 میں پروموشن کی گئی ہے اور مزید 600 میڈیکل آفیسرز کی بطور سینئر میڈیکل آفیسر گریڈ 18 میں ترقی کے لئے ورکنگ پیپرز تیار کرلئے گئے ہیں جو آئندہ ڈی پی سی میں پیش کئے جائیں گے - خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محکمہ صحت میں سینئرمیڈیکل آفیسرز گریڈ18 کی 6332سیٹیں دستیاب ہیں لہذا پانچ سال تک کی سروس کے حامل تمام میڈیکل آفیسرز کی گریڈ 18 میں ترقی ہوجائے گی - خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈاکٹرزکے 4 درجاتی سروس سٹرکچر کے تحت 8349سیٹیں مرد ڈاکٹرزجبکہ 2350سیٹوں کی خواتین ڈاکٹرز کیلئے منظور ی دی ہے اورمحکمہ صحت میں نئی سیٹوں کی منظوری کے بعد گریڈ 19 ا یڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر کی 3342 اور پرنسپل میڈیکل آفیسر گریڈ 20 کی 528 سیٹیں دستیاب ہوگئی ہیں- خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ ترقی کی شرائط پوری کرنے والے تمام ڈاکٹرز کی اگلے گریڈوں میں پروموشن یقینی ہوجائے گی جس سے ڈاکٹر برادری کے دیرینہ مطالبات پورے ہوجائیں گے-